سنہ 2018 -2019 کے گراس روٹ لیول پروگرام کے لیے ریاستی فٹبال ایسوسی ایشن کو یہ ایوارڈ دیا جارہا ہے۔
جموں و کشمیر میں فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر ضمیر ٹھاکر نے اس ایوارڈ کو فٹبال کھیل کے لئے بڑی کامیابی سے تعبیر کیا ۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کی حوصلہ افزائی سے ریاست میں فٹبال اپنی کھوئی ہوئی شان کو پھر سے واپس لاسکتا ہے ۔
ای ٹی وی بھارت کے نمائندے کے ساتھ ضمیر ٹھاکر نے کہا کہ فٹبال ایسوسی ایشن وادی کشمیر کے مختلف اضلاع کے ساتھ ساتھ لداخ خطے تک فٹبال کے احیا کے لیے بنیادی سطح پر کام کر رہی ہے۔ جس کی وجہ سے کافی تعداد میں فٹبال کے ابھرتے کھلاڑی سامنے آرہے پیں ۔
ضمیر ٹھاکر نے کہا کہ ریاست میں گزشتہ چند برسوں سے فٹبال پھر سے مقبول ہوتاجارہا ہے ۔اسکولی سطح سے لے کر ریاستی سطح کے مقابلے اب آئے روز دیکھنے کو ملتے ہیں وہیں اس کھیل کے پرانے سے لے کر نئے فٹبال شائقین کی اچھی خاصی تعداد بھی میدان میں دیکھی جارہی ہے ۔
تاہم فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر نے کہا کہ اس کھیل کو نئی اونچائی تک لے جانے کے لیے سرکاری سطح پر مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔