جموں و کشمیر میں آج کوروناوائرس کے مزید 8مثبت کیسز سامنے آئے ہیں جس سے اب جموں و کشمیر میں معاملات کی کل تعداد 278ہوئی ہیں۔
جموں و کشمیر انتظامیہ کے پرنسپل سکریٹری روہت کنسل نے ٹویٹر پر ان معاملات کی تصدیق کی ہے۔ روہت کنسل نے لکھا کہ ' جموں و کشمیر میں مزید آٹھ افراد کو کوروناوائرس کے لیے مثبت پایا گیا۔ اس سے اب جموں و کشمیر میں کورونا کے معاملات کی کل تعداد 278 ہوگئی۔ نئے معاملات میں وادی کشمیر سے چھ جبکہ جموں سے دو رپورٹ ہوئے ہیں۔ آج 14 افراد کو صحتیاب ہوکر ہسپتالوں سے رخصت کیا گیا اور ان تمام افراد کا تعلق وادی کشمیر سے ہے۔'
سرکاری عہدیداروں کے مطابق جموں و کشمیر میں کورونا کے معاملات کی کل تعداد 278ہوئی ہیں۔ ان معاملات میں وادی کشمیر میں 204 جبکہ جموں میں 40 سرگرم ہیں۔ 30 افراد اب تک صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ چار کی موت ہوچکی ہے۔ '
سرکاری عہدیداروں کے مطابق مرکزی علاقے میں کم سے کم 55498 مسافروں اور مشتبہ معاملات سے وابستہ افراد کو نگرانی میں رکھا گیا ہے۔ ان میں سےکم از کم 7760 افراد کو ہوم قرنطین میں، 365 ہسپتال قرنطین، 244 اسپتال آئیسولیشن اور 30952 اَفراد کو گھروں میں نگرانی میں رکھا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ اب تک تقریبا 16173 افراد نے اپنی 28 دن کی نگرانی کی مدت مکمل کی ہے۔
انتظامیہ کے ترجمان روہت کنسل نے کہا کہ 'اب تک 4619 نمونے جانچ کے لیے بھیجے گئے ہیں جن میں سے 4341 نمونے منفی قرار دیئے گئے ہیں جبکہ 278نمونے مثبت پائے گئے ہیں۔ کم از کم 244 کیسز کے بارے میں بتایا گیا کہ یہ سرگرم ہیں۔'
جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے معاملات میں اضافہ ہورہا ہے محکمہ صحت نے اس مہلک بیماری سے نمٹنے کے لیے ریڈ اور بفر زون بنا کر کلسٹرز پر قابو پانے کی حکمت عملی نافذ کردی ہے۔
حکام نے ان علاقوں میں لوگوں کی نقل و حرکت پر سخت پابندیاں عائد کردی ہیں اور آئی پی سی کی دفعہ 188 کے تحت حکم نامے کی خلاف ورزی کرنے والے کو ایک ماہ کے لئے جیل میں بند کیا جاسکتا ہے۔کشمیر میں ڈائریکٹوریٹ ہیلتھ سروسز کے خصوصی ڈیوٹی پر مامور ڈاکٹر قاضی ہارون کا کہنا ہے کہ کووڈ 19 مثبت معاملات میں حالیہ اضافے کی وجہ وسیع رابطوں کی کھوج، کنٹینمنٹ زونز میں سرگرم معاملات کی تلاشی اور جانچ ہے۔
انہوں نے کہا کہ 'ہم تمام مشتبہ افراد اور اعلیٰ رسک رابطوں کے نمونے اکٹھا کررہے ہیں۔ ہم بڑے پیمانے پر سماجی دوری کو نافذ کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔'
- کل کیسز ۔278
- موت ۔ 4
- صحتیاب ۔ 30
- سرگرم کیسز۔ 244
- کشمیر ۔ 204
- جموں ۔ 40
- سرینگر۔73
- بانڈی پورہ ۔53
- بارہمولہ ۔40
- بڈگام ۔11
- پلوامہ ۔3
- شوپیان۔14
- کپواڑہ ۔23
- گاندربل ۔5
- اننت ناگ۔ 01
- کولگام ۔5
- جموں ۔23
- ادھمپور ۔19
- راجوری۔3
- کشتواڑ ۔1
- سامبا۔ 4