ریاست ہریانہ کے ضلع نوح میں کورونا وائرس کے دو نئے مثبت کیس سامنے آنے کے بعد ضلع میں کورونا وائرس کا خوف مزید بڑھ گیا ہے۔
دونوں کیسز کا تعلق نوح ضلع کے نحند پور اہیر اور اہیر ڈھانی گاؤں سے ہے۔ محکمہ صحت کے طرف سے جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق ' ضلع میں کووڈ-19 سے کل مریضوں کی تعداد اب 72 ہوگئی ہے'۔
بہرحال اچھی بات یہ ہے کہ ان 72 کورونا متاثریں میں سے 65 مریض صحت یاب ہو کر اپنے اپنے گھروں کو لوٹ گئے ہیں۔
ضلع میں آج آنے والے دو نئے کیسز سمیت 7 ایکٹیو کیسز موجود ہیں۔ جن میں سے دو مریضوں کو نلہر میڈیکل کالج، دو مریضوں کو العافیہ مانڈی کھیڑا ہسپتال اور تین مریضوں کو ہوم آئسولیشن میں رکھا گیا ہے۔
غور طلب ہے کی نوح میوات میں ایک وقت سبھی 65 مریض ٹھیک ہونے پر کوئی ایکٹیو کیس باقی نہیں بچا تھا، جس سے علاقہ میں کافی راحت محسوس کی جا رہی تھی اور لاک ڈاؤن میں کافی ڈھیل دے دی گئی تھی۔
لیکن گزشتہ ہفتے سے مسلسل کیسز بڑھنے لگے ہیں جس سے محکمہ صحت چوکنا ہو گیا ہے۔ ضلع میں پولس کی تعیناتی بھی بڑھائی جا رہی ہے۔
اس کے علاوہ باہر آنے جانے پر بہت زیادہ روک ٹوک نہیں ہے۔ ضلع میں ابتک 5215 ٹیسٹس سیمپل لئے گئے ہیں جن میں سے 5054 کی رپورٹ منفی آئی ہے اور ابھی 86 افراد کی رپورٹ کا آنا باقی ہے۔
واضح رہے کہ ضلع نوح کو اس سے پہلے میوات کے نام سے جانا جاتا تھا۔