وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹر کو نشانہ بناتے ہوئے نوح سے رکن اسمبلی چودھری آفتاب احمد نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کووڈ ہسپتال نلہڑ میڈیکل کالج کے معائنہ کے نام پر میوات آتے ہیں اور اعلان کرتے ہیں کہ میوات کو وینٹیلیٹر، آکسیجن پلانٹ، نئے آکسیجن بیڈ مہیا کیے جائیں گے۔
جبکہ حقیقت میں وہ میڈیکل کالج کے ڈائریکٹر اور ڈپٹی کمشنر کو میوات سے دوسرے اضلاع میں 10 وینٹیلیٹر بھیجنے کا زبانی حکم دیتے ہیں۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ ان کے قول و عمل میں کتنا تضاد ہے۔ وزیراعلیٰ نے میوات مخالف سوچ کا مظاہرہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وینٹی لیٹر رکوانے کے لیے پر امن طریقے سے نوجوان احتجاج کرتے ہیں لیکن انہیں اوپر سے حکم دے کر گرفتار کروایا گیا اور ان پر مختلف دفعات لگائی گئی ہیں۔ حکومت کا یہ ظالمانہ رویہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔
رکن اسمبلی چودھری آفتاب احمد نے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ وہ خود بھی کورونا سے متاثر ہیں اور انہیں اس بیماری کے ساتھ ساتھ ریاستی حکومت سے بھی لڑنا پڑ رہا ہے۔ ریاستی حکومت کورونا پر لگام لگانے میں مکمل ناکام ثابت ہوئی ہے۔