ڈوڈہ میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران پردیش کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر عبد المجید وانی نے اُن تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے کانگریس کے امیدواروں پر اعتماد کا اظہار کیا اور بھاری اکثریت سے کانگریس کے چار امیدواروں کو کامیاب بناکر ’’اس بات کا ثبوت دیا کہ لوگ بی جے پی کو نہیں چاہتے اور اُن کی تمام عوام مخالف پالیسیوں کو ووٹ دیکر مسترد کیا ہے۔‘‘
سابق وزیر نے بتایا کہ گندنہ حلقہ اور مرمت میں این سی اور کانگریس نے مشترکہ امیدوار کھڑے کئے تھے جنہوں نے بی جے پی کے وزیر کو شکست سے دوچار کیا، کیونکہ ’’لوگوں میں اس بات کا غصّہ تھا کہ ڈی ڈی سی میں بھی بڑے سیاسی لیڈر آکر اُن کا حق چھین رہے ہیں۔ اسی وجہ سے اُن کو لوگوں نے باہر کی راہ دکھائی۔‘‘
صحافیوں کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وانی نے بتایا کہ کانگریس نے اتحاد کی ہمیشہ پہل کی ہے اور ڈوڈہ کے دو حلقوں میں اتحاد بھی اُن کی کاوشوں کی وجہ سے ہی ممکن ہوا ’’اگر دیگر نشستوں پر بھی اتفاق ہو جاتا تو آج نتائج بالکل مختلف ہوتے لیکن آنے والے وقت میں مل بیٹھ کر فیصلہ کیا جائے گے، اور ایک دوسرے پر تنقید کے بجائے مشورہ کرکے قدم بڑھائیں گے۔‘‘
انہوں نے مزید بتایا کہ کانگریس کے جو امیدوار اِن انتخابات میں ہار گئے ہیں وہ اُن لوگوں کے لئے ہر وقت دستیاب رہیں گے جن لوگوں نے اُن کو اپنا ووٹ دیا ہے اور وہ اپوزیشن میں بیٹھ کر عوام کی خدمت بجا لائیں گے۔
انہوں نے پارٹی ورکروں، کارکنان اور مداحوں سے نا امید نہ ہونے کی اپیل کی۔