چیف جسٹس رنجن گگوئی کی صدارت والی ایک بینچ نے کانگریسی رہنما سنجے نروپم کے ذریعہ دائر کردہ ہتک عزت کیس پر سماعت کرتے ہوئے انکوائری کرنے سے اتفاق کیا۔
سپریم کورٹ نے اسمرتی ایرانی کو نوٹس جاری کرکے اس معاملے پر ان سے ردعمل طلب کیا ہے۔
بینچ نے کہا کہ ہم نروپم کی عرضی پر 29 اپریل کو سماعت کریں گے۔
خیال رہے کہ 20 دسمبر 2018کو معاملے کی سماعت کرتے ہوئے دہلی ہائی کورٹ نے نروپم کے ذریعہ اسمرتی ایرانی کے خلاف دائر ہتک عزت کی شکایت پر جاری کردہ سمن کو رد کر دیا تھا جس کے بعد کانگریس رہنما نے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا۔
سنہ 2012 میں اسمرتی ایرانی نے کانگریس کے رہنما سنجے نروپم کے خلاف ہتک عزت کا کیس درج کرایا تھا۔
عدالت نے ٹکسٹائل کی مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی کے خلاف ہتک آمیز زبان کا استعمال کرنے پر کانگریس رہنما کے خلاف الزام طے کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
الزام میں کہا گیا تھا کہ کانگریسی رہنما نے ایک پرائیوٹ نیوز چینل پر بحث کے دوران ان کے خلاف نازیبا تبصرہ کیا تھا۔
اسمرتی ایرانی کی شکایت کے بعد سنجے نروپم نے بھی بی جے پی کی رہنما کے خلاف ایک شکایت کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ایرانی نے ان کے خلاف اہانت آمیز تبصرہ کیا تھا۔