انہوں نے بتایا کہ ابھی تک 219 کورونا کی وبا سے متاثرہ کیسز دہلی میں پائے گئے ہیں، ان میں 51 کیسز بیرون ممالک سے آئے لوگوں کے ہیں، جبکہ 108 معاملے دہلی کے نظام الدین میں واقع تبلیغی جماعت کے مرکز سے جڑے ہوئے بتائے جا رہے ہیں۔
وہیں 29 معاملے ایسے ہیں جن کے اہل خانہ بیرونی ممالک سے متاثر ہو کر آئے خاندان کے دیگر افراد بھی اس سے متاثر ہو گئے۔
اب تک دہلی میں چار کورونا وائرس کے چلتے اپنی جان گنوا چکے ہیں، جبکہ کل تک یہ تعداد محض دو لوگوں تک ہی محدود تھی۔
کل سے اب تک مرنے والوں کی تعداد میں جو دو لوگوں کا اضافہ ہوا ہے، یہ وہی لوگ ہیں جو مرکز سے نکالے گئے تھے۔
ابھی تک دہلی کے ہسپتالوں میں 208 لوگ داخل کرائے گئے ہیں، جن میں سے ایک شخص ہی وینٹیلیٹر پر زیر علاج ہے جبکہ پانچ لوگوں کا علاج آکسیجن کے ذریعہ چل رہا ہے اور 202 لوگوں کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔
دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کا کہنا ہے کہ مجھے امید ہے کہ یہ تمام لوگ صحتیاب ہو کر جلد ہی گھر لوٹ جائیں گے۔