دہلی یونیورسٹی ( ڈی یو) کے الگ الگ شعبے میں داخلے جاری ہیں جس کی میعاد 17 جون تک تھی لیکن طلبا کی جانب سے شکایت کرنے کے بعد اس کی میعاد بڑھاکر 22 جون کردی گئی ہے، اس تعلق سے یونیورسٹی اندرون ہفتہ کٹ لسٹ بھی جاری کرسکتی ہے۔
واضح رہے کہ دہلی یونیورسٹی نے تعلیمی سال 20 ۔ 2019 میں داخلے کے لیے کچھ تبدیلیاں کی ہیں جس کے سبب داخلے بھی تاخیر سے شروع ہوئے۔
اس تعلق سے یونیورسٹی کے طلبا کا کہنا ہے کہ ' ڈی یو کی ویب سائٹ میں کئی تکنیکی خامیاں ہیں جس کے سبب فارم بھرنے میں انھیں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا تھا اور اسی طرح کی کئی شکایتوں کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ نے تمام شعبوں میں داخلے کے لیے درخواست میعاد میں توسیع کی ہے۔'
اس سلسلے میں یونیورسٹی انتطامیہ کا کہنا ہے کہ 'وہ ہر طالب علم کو یکساں موقع فراہم کرنا چاہتے ہیں اور اب یونیورسٹی میں ہر طالب علم اپنی پسند کے شعبے میں داخلے کے لیے درخواست کرسکتا ہے۔
واضح رہے کہ یونیورسٹی کے گریجویشن شعبے میں اب تک 3،47،295 طلبا نے اپنا رجسٹریشن کرایا ہے جبکہ 2.45.531 طلبا نے اس لیے داخلہ فیس بھی جمع کرادی ہے لیکن اس کے لیے یونیورسٹی میں صرف 62،500 سیٹیں ہیں۔
دوسری جانب پی جی شعبے میں داخلے کے لیے 1،40،813 طلبا نے اپنا رجسٹریشن کرایا ہے جبکہ1،17،104 طلبا نے اس کے لیے داخلہ فیس بھی جمع کرادی ہے۔
ایم فل میں داخلے کے لیے30،111 طلبا نے اپنا رجسٹریشن کرایا ہے جبکہ اس کے لیے 16،879 طلبا نے داخلہ فیس بھی ادا کی ہے۔