وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں آج بعد دوپہر کچھ نامعلوم بندوق برداروں نے نصیر احمد خان نام کے ایک 35 سالہ شخص پر گولی چلائی جس کے بعد وہ ہلاک ہو گئے۔
ایس ایس پی بڈگام طاہر سلیم خان نے اس واقع کی اطلاع دیتے ہوئے کہا 'یہ شخص ایک سویلیئن، ہے'.
وہیں، مقامی ذرائع کے مطابق 'مذکورہ شخص کی شناخت 35 سالہ پولیس اہلکار نصیر احمد خان ولد غلام محمد خان ساکن بچی پورہ مازہامہ کے طور پر ہوئی ہے۔ وہ اپنے گھر چھٹی پر آئے تھے اور ٹرانسفارمر ٹھیک کرنے کے دوران نامعلوم بندوق برداروں نے ان پر گولیاں چلائیں، جس سے مذکورہ پولیس اہلکار شدید زخمی ہو گئے'۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ 'ہلاک شدہ شخص پہلے ایس پی او کے طور پر کام کر رہے تھے اور بعد میں وہ ایس ٹی ایف میں مستقل طور پر بطورِ کانسٹیبل کام کر رہے تھے۔ اس کے علاوہ ان کا چھوٹا بھائی بھی پولیس محکمے میں کام کر رہا ہے'۔
یہ بھی پڑھیے
وزیر اعظم کی 'ٹیکہ اتسو' کو کامیاب بنانے کی اپیل
نصیر احمد خان کو زخمی حالت میں فوری طور پر سب ضلع اسپتال ماگام منتقل کیا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا اور کہا کہ راستے میں ہی ان کی موت ہوگئی تھی۔ ہلاک شدہ شخص کے لواحقین میں دو بچے اور اہلیہ ہیں۔
پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی کی کارروائی شروع کی ہے۔