پروگرام میں شامل ایک طالبہ کلثوم بشیر نے ای ٹی وی بھارت سے کہا کہ' اس پروگرام سے ہمیں یہ سیکھنے کو ملا کہ ریاضی سے دور بھاگنے یا اس سے ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں، بلکہ یہ ایک بہترین نساب ہے جس کو ہمیں ذوق و شوق سے پڑھنا چاہیے۔
کلثوم نے مزید یہ بھی کہاکہ' ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے اسکول میں جو اُستاد ہمیں ریاضی پڑھاتے ہیں وہ صرف بورڈ کا استعمال نہ کرے بلکہ ہمیں اس چیز کی پریکٹیکل بھی کرائیں اوراسے استعمال کر کے ہمیں سمجھائیں جیسے آج سی ای او بڈگام نے ہمیں پریکٹیکل کے ذریعہ سمجھایا۔
پروگرام میں موجود ایک طالب علم عمر فاروق نے ای ٹی وی بھارت سے کہا کہ' آج ہم نے کچھ نئے طریقے سے ریاضی کو سیکھا جو کہ ہمارے اسکول میں پڑھانے کے طریقے سے مختلف تھا۔ جس طرح سے سی ای او بڈگام نے ہمیں پڑھایا وہ طریقہ کافی دلچسپ اور بآسانی سمجھنے والا تھا۔
اس موقع پر ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے چیف ایجوکیشن آفیسر بڈگام سید محمد امین نے عالمی یومِ ریاضی کے تعلق سے کہاکہ' 14 مارچ کو عالمی یوم ریاضی منایا جاتا ہے، اسی تعلق سے ہم نے اس پروگرام کا اہتمام کیا تاکہ طلبہ ؤ طالبات کے درمیان ریاضی کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے تاکہ بچے اس میں دلچسپی لیں۔ ریاضی کے تعلق سے بچوں میں ایک خوف سا بٹھا دیا گیا ہے کہ یہ ایک سخت ترین نساب ہے اور جو اس کو پڑھتا ہے وہ شدید مشکلات سے دوچار ہوتا جبکہ حقیقت میں سب کچھ اس کے برعکس ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ' ہم نے بچوں کے ساتھ اساتذہ کو بھی ریاضی پڑھانے اور سمجھانے کا طریقہ بتایا اور سب نے دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ ہمارا مقصد یہ بھی یہی تھا کہ بچوں کے ذہن میں جو ڈر بٹھایا گیا ہے اس کو دور کیا جائے اور ریاضی کو آسانی کے ساتھ پڑھایا جائے تاکہ بچے اس طرف راغب ہو سکیں۔