گیا: بہار جے ڈی یو کے مسلم رہنماؤں کی جانب سے نکالا گیا کاروان اتحاد و بھائی چارہ آج ضلع گیا پہنچا۔ یہاں شہر کے ریڈ کراس کے پاس واقع باغیچہ کے علاوہ ضلع کے ڈومریا بلاک اور بارہ چٹی سرواں میں کاروان اتحاد کے پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ جہاں بڑی تعداد میں مقامی سرکردہ شخصیات کے علاوہ عام لوگوں نے شرکت کی۔ اس کاروان اتحاد و بھائی چارہ میں محکمۂ اقلیتی فلاح کے ریاستی وزیر زماں خان اور کاروان اتحاد و بھائی چارہ کی قیادت کر رہے ہیں۔ ایم ایل سی ڈاکٹر خالد انور، ایم ایل سی آفاق احمد خان سمیت کئی رہنما شامل تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم ایل سی خالد انور نے کہا کہ کاروان اتحاد و بھائی چارہ اس لیے ضرورت ہے کیونکہ ایک پارٹی اور فاسسٹ طاقتوں کے ذریعہ جس طرح سے ملک کے آئین کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں اور ملک میں نفرت کا ماحول قائم کیا گیا ہے۔ Bihar State Minister Zaman Khan
یہ بھی پڑھیں:
اس ماحول کو ختم کر کے ہندو مسلم ایکتا کو پھر سے قائم کرنا ہے۔ ایک دوسرے پر لوگ اعتماد کریں اور پھر سے وہی خوشگوار ماحول قائم ہو۔ اس لیے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی اجازت پر کاروان اتحاد و بھائی چارہ نکالا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی نتیش کمار نے ہر شعبہ حیات میں قابل ذکر کام کیا ہے۔ انہوں نے بلا تفریق ہر طبقے اور علاقے کے لیے کام کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے آپسی اتحاد اور بھائی چارہ کو بھی فروغ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی عوام مخالف پالیسی سے ہر ایک شخص پریشان ہے۔ آج حالات ایسا پیدا کردیا گیا ہے کہ مسلمانوں کو شک کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، آئین کے رکھوالے بھی اس ذہنیت کو فروغ دے رہے ہیں۔مسلمانوں کے جذبات کو ابھارا جارہا ہے۔
انہوں نے مسلمانوں کے حالات پر روشنی ڈالی اور کہاکہ آخر کیا وجہ ہے کہ ایک وقت میں ہمارے پچاس سے زیادہ رکن پارلیمنٹ ہوتے تھے تاہم آج وہ تعداد سمٹ گئی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ نفرت کرنے والوں نے جو ہمارے خلاف سازش کی، ہم ان سازشوں کا جواب نہیں دے سکے، ہندو بھائیوں کو اعتماد میں نہیں لے سکیں۔ گیا میں منعقد اس پروگرام کی صدارت گیا مہانگر جے ڈی یو کے صدر راج کمار پرساد عرف راجو برنوال نے کی جب کہ اس موقع پر ایم ایل سی آفاق احمد خان، سابق ایم ایل اے کرشنندن یادو سمیت کئی رہنماؤں نے خطاب کیا۔