انگلینڈ کے کپتان جوزف ایڈورڈ روٹ نے اپنا پہلا ٹیسٹ بھارت کی سرزمین پر کھیلا تھا اور اب وہ بھارت میں اپنا 100 واں ٹیسٹ کھیلنے جا رہے ہیں۔
30 سالہ روٹ نے 13 دسمبر 2012 کو ناگپور میں بھارت کے خلاف ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ اس وقت دنیا کے بہترین بلے بازوں میں شمار روٹ نے 99 ٹیسٹ میچوں میں 49.39 کی اوسط سے 8249 رنز بنائے ہیں۔ جس میں 19 سنچری اور 49 نصف سنچری شامل ہیں۔
چنئی میں بھارت کے خلاف 5 فروری سے پہلا ٹیسٹ میچ روٹ کا 100 واں ٹیسٹ ہوگا اور وہ یہ کارنامہ سرانجام دینے والے انگلینڈ کے 15 ویں کھلاڑی بن جائیں گے۔
انگلینڈ کے لئے 100 سے زیادہ ٹیسٹ میچ کھیلنے والے کھلاڑیوں میں ایلسٹر کک (161) ، جیمز اینڈرسن (157) ، اسٹورٹ براڈ (144) ، ایلیک اسٹیورٹ (133) ، ایان بیل (118) گراہم گوچ (118) ڈیوڈ گاور (117) مائک آرتھٹن (115) کولن کاؤڈرے (114) جیوفری بائیکاٹ (108) کیون پیٹرسن (104) ایان باتھم (102) اینڈریو اسٹراس (100) اور گراہم تھورپ (100) شامل ہیں۔
مزید پڑھیں:
رشبھ پنت، جو روٹ اور پال اسٹرلنگ آئی سی سی ایوارڈ کے لیے نامزد
روٹ انگلینڈ کی طرف سے سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑیوں میں چوتھے نمبر پر ہیں۔ ان سے آگے کُک (12472) گوچ (8900) اور اسٹیورٹ (8463) ہیں۔
بھارت دورے پر آنے سے پہلے روٹ نے سری لنکا کے خلاف دو ٹسٹ میچوں میں 228 اور 186 رن کی شاندار اننگز کھیلی تھی اور وہ مین آف دی سیریز رہے تھے۔ روٹ بھارت میں اپنے 100ویں ٹسٹ کو ایک اور شاندار کارکردگی سے یادگار بنانا چاہیں گے۔