یروشلم: اقوام متحدہ میں فلسطین کے مستقل مندوب ریاض منصور نے اپنے خط میں واضح کیا کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی بربریت اور دہشتگردی انسانیت کے نام پر طمانچہ ہے جسے حق بجانب قرار نہیں دیا جا سکتا۔ فلسطینی خبر رساں ایجنسی وافا کے مطابق ریاض منصور نے اس ماہ سلامتی کونسل کے عبوری صدر چین اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر کو ارسال کردہ خطوط میں غزہ کی پٹی اور وہاں کی صورتحال کے بارے میں تفصیلات بتائیں۔
رپورٹ کے مطابق فلسطینی مندوب نے اپنے خط میں واضح کیا کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی بربریت اور دہشتگردی انسانیت کے نام پر طمانچہ ہے جسے حق بجانب قرار نہیں دیا جا سکتا، غر سرکاری اعداد و شمار کے مطابق غزہ میں اب تک 3250 خواتین اور 5 ہزار بچوں سمیت 12200 افراد جاں بحق، 29 ہزار زخمی جبکہ چار ہزار افراد تاحال ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ دوسری جانب مغربی کنارے میں بھی دو سو سے زائد فلسطینی جاں بحق اور تقریبا تین ہزار زخمی ہو چکے ہیں۔
انہوں نے اپنے خطوط میں مزید بتایا کہ اسرائیل نے شہریوں کو شمالی غزہ سے جنوب کی جانب کوچ کرنے کا کہتے ہوئے وہاں گولہ باری جاری رکھی ہوئی ہے جسے جنگ بندی کے مطالبات کی بھی کوئی پروا نہیں ہے، ہمارا یہ مطالبہ ہے کہ فلسطینی عوام کے تحفظ اور ان کی جبرا نقل مکانی کو رکوانے سمیت اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل دونوں ان انسانیت سوز اور جنگی جرائم کو بند کروانے کے لیے اسرائیل پر دباو ڈالے۔ (یو این آئی)
یہ بھی پڑھیں