نئی دہلی: آسٹریلیا کے وزیر اعظم انتھونی البانیز نے ہفتہ کو کہا کہ وہ اگلے ہفتے وزیر اعظم کے طور پر ہندوستان کے اپنے پہلے سرکاری دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لئے پرامید ہیں۔ البانیز وزیر اعظم نریندر مودی کی دعوت پر 8 سے 11 مارچ تک ہندوستان کے دورے پر ہوں گے۔ دورہ کے دوران وہ پہلے احمد آباد اور وہاں سے ممبئی جائیں گے اور پھر نئی دہلی آئیں گے۔اپنے بیان میں آسٹریلیائی وزیر اعظم نے کہا، "یہ وزیر اعظم کے طور پر میرا ہندوستان کا پہلا دورہ ہوگا اور میں دونوں ممالک کے درمیان مضبوط رشتہ استوار کرنے کا منتظر ہوں۔ ہندستان کے ساتھ ہمارے تعلقات مضبوط ہیں لیکن یہ مزید مضبوط ہو سکتے ہیں۔ یہ ہماری جامع اسٹریٹجک شراکت داری پر استوار ہے، جو ہمارے دفاعی، اقتصادی اور تکنیکی مفادات کو آگے بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنے کے ہمارے مشترکہ عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔'
انہوں نے مزید کہا، 'ایک مضبوط دو طرفہ شراکت داری ہمارے خطے کے استحکام کے لیے اچھی ہے۔ اس کا مطلب مزید مواقع اور زیادہ تجارت اور سرمایہ کاری، ہماری معیشتوں کو مضبوط کرنا اور ہمارے لوگوں کو براہ راست فائدہ پہنچانا بھی ہے۔ ہندوستان آسٹریلیا کے لیے ایک اہم پارٹنر اور قریبی دوست رہے گا۔ البانیز نے کہا، 'میں کواڈ لیڈرس سمٹ کے لیے آسٹریلیا میں وزیر اعظم مودی کی میزبانی کرنے اور ستمبر میں جی 20 لیڈرز سمٹ کے لیے دوبارہ ہندوستان کا دورہ کرنے کا منتظر ہوں۔ آسٹریلیائی وزیر اعظم 10 مارچ کو نئی دہلی میں آسٹریلیا-انڈیا سالانہ لیڈرس سمٹ میں وزیر اعظم مودی کے ساتھ شامل ہوں گے۔ اس دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری، قابل تجدید توانائی، ٹیکنالوجی، دفاع اور سیکورٹی تعاون پر تبادلہ خیال ہو گا۔ اسی دن البانیز کا راشٹرپتی بھون کے صحن میں ایک رسمی استقبال کیا جائے گا۔ وہ صدر دروپدی مرمو سے بھی ملاقات کریں گے۔ البانیز کے ساتھ تجارت اور سیاحت کے وزیر ڈان فیرل اور وزیر وسائل میڈلین کنگ بھی ہوں گے۔دونوں وزراء آسٹریلیائی کاروباری رہنماؤں کے ایک وفد کی قیادت بھی کریں گے۔ یہ وفد 09 مارچ کو ممبئی میں آسٹریلیا-انڈیا سی ای او فورم میں شرکت کرے گا۔ اس سے پہلے البانیز 08 مارچ کو احمد آباد میں بارڈر-گاوسکر ٹرافی کے چوتھے ٹیسٹ میچ میں وزیر اعظم مودی کے ساتھ شرکت کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: Jaishankar meets Australian PM جے شنکر کی سڈنی میں آسٹریلیائی وزیر اعظم سے ملاقات
یو این آئی