ابوظہبی میں بھارتی سفارتخانے نے متحدہ عرب امارات میں پھنسے ہوئے بھارت کے باشندوں سے اپنے آبائی ملک روانگی کے لئے کہا ہے جو سعودی عرب یا کویت جا رہے تھے۔
متحدہ عرب امارات میں 3 فروری کو کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے مثبت معاملات کے پیش نظر فضائی سروس پر پابندی عائد کرنے کے بعد سعودی عرب اور کویت جانے والے بھارت اور متعدد دیگر ممالک کے باشندے وہاں پھنس گئے تھے۔
قابل ذکر ہے کہ متحدہ عرب امارات میں اب مئی کے مہینے میں ہی فضائی سروس کو بحال کیا جاسکتا ہے۔
سعودی عرب نے بھارت، متحدہ عرب امارات، امریکہ اور برطانیہ سمیت 20 ممالک سے آنے والے مسافروں پر عارضی پابندی عائد کردی ہے۔
ابوظہبی میں بھارتی سفارتخانے کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں لکھا گیا ہے کہ 'آنے والے مسافروں پر کورونا سے متعلق پابندی کی وجہ سے فی الحال ان کا دبئی اور ابوظہبی کے راستے سعودی عرب اور کویت جانا ناممکن ہے۔
لہذا تمام بھارتی شہریوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ براہ راست بھارت سے بیرونی سفر کا آغاز کرنے سے پہلے اس ملک کی کورونا صورتحال سے متعلق تازہ ترین سفری رہنما خطوط کا پتہ لگائیں جہاں آپ سفر کرنے والے ہوں۔ انہیں یہ بھی مشورہ دیا جاتا ہے کہ کسی بھی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے اپنے ساتھ فنڈز رکھیں تاکہ مالی مشکلات سے دوچار نہ ہونا پڑے۔