اقوام متحدہ کی مہاجر ایجنسی نے کہا ہے کہ افریقی ملک ایتھوپیا کے ٹگرے صوبے سے تقریبا 32 ہزار افراد فرار ہو کر اپنے ہمسایہ ملک سوڈان چلے گئے اور آئندہ 6 ماہ میں یہ تعداد 2 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔
ورلڈ فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف پی) کے سوڈان کے نمائندے نے یہ بھی کہا کہ 20 ہزار سے زیادہ افراد ایتھوپیا سے دریائے تکیز کو عبور کرکے ہمدایت سرحدی علاقے پر پہنچے ہیں۔
ورلڈ فوڈ پروگرام، عارضی کیمپوں میں پہنچنے والوں کو کھانا، پانی اور ایندھن فراہم کرتی رہی ہے۔
ایتھوپیا کی حکومت 4 نومبر کو وہاں کے ایک فوجی اڈے پر حملے کے بعد سے ہی ٹگرے کی علاقائی فورسز سے لڑ رہی ہے اور ہر فریق نے دوسرے کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔
اس خطے سے ہونے والی بات چیت منقطع ہونے کے بعد کوئی نہیں جانتا ہے کہ کتنے افراد ہلاک ہوئے ہیں اور دونوں طرف کے دعووں کی تصدیق مشکل ہے۔
ٹگرے کے علاقے میں خوراک، ایندھن اور طبی سامان کی اشد ضرورت ہے اور یہاں سڑکیں اور ہوائی اڈے بند ہیں۔