حیدرآباد: کرن جوہر کی ہدایتکاری میں بنی فلم راکی اور رانی کی پریم کہانی نے 6 اگست یعنی اتوار کے روز ایک اور سنگ میل عبور کرلیا ہے۔ اس رومانوی فلم نے گھریلو باکس آفس پر 100 کروڑ روپے کا ہندسہ عبور کیا ہے۔ عالیہ بھٹ اور رنویر سنگھ کی فلم ریلیز کے اپنے دوسرے ہفتے میں بھی اپنا جلوہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہی ہے۔ Rocky Aur Rani Kii Prem Kahaani box office
فلم کے دوسرے ہفتے کے زبردست کمائی کو دیکھتے ہوئے یہ کہنا درست ہوگا کہ کرن جوہر کی راکی اور رانی دوسری ایسی فلم بن گئی ہے جس نے باکس آفس پر 100کروڑ روپے کا کاروبار کیا ہے۔ اے دل ہے مشکل کے بعد راکی اور رانی کی پریم کہانی 100 کروڑ روپے کا ہندسہ عبور کرنے والی جوہر کی دوسری فلم ہے۔ انڈسٹری ٹریکر ساکنلک کے مطابق عالیہ بھٹ اور رنویر سنگھ کی اداکاری والی فلم نے دوسرے ہفتے کے آخر میں باکس آفس پر شاندار شروعات کی ہے، تاہم پہلے ویک اینڈ کے مقابلے فلم کی کمائی میں 30 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔
راکی اور رانی کی پریم کہانی نے اپنے دوسرے اتوار کو 13.50 کروڑ روپے کی کمائی کی ہے۔ ابتدائی اندازوں کے مطابق فلم نے ریلیز کے 10 دنوں کے اندر 105 کروڑ روپے کی مجموعی کمائی کی ہے۔ جمعہ کے مقابلے سنیچر کے روز فلم کی کمائی میں 70 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا۔ اتوار کو فلم کی کمائی میں 15 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا۔ فلم نے دوسرے ہفتے کے آخر میں مجموعی طور پر 31 کروڑ روپے کی کمائی کی ہے۔
اس کے ساتھ رنویر سنگھ اور عالیہ بھٹ کی فلم اس سال کی چھٹی بالی ووڈ فلم بن گئی ہے جس نے 100 کروڑ روپے سے زائد کا کاروبار کیا ہے۔ اس فہرست میں شاہ رخ خان کی فلم پٹھان، رنبیر کپور اور شردھا کپور کی رومانٹک کامیڈی فلم تم جھوٹی میں مکار، دی کیرالہ اسٹوری، سلمان خان کی فلم کسی کا بھائی کسی کی جان اور آدی پروش شامل ہے۔ تاہم آئندہ جمعہ تک اس فلم کی کمائی کو نقصان پہنچنے کا امکان ہے کیونکہ آئندہ ہفتہ بالی ووڈ کی دو فلمیں اکشے کمار کی او ایم جی 2 اور سنی دیول کی غدر 2 ریلیز ہونے والی ہے۔