ارریہ کے مشہور قادرالکلام شاعر مفتی حسین احمد ہمدم نے ای ٹی وی بھارت پر ناظرین کے لیے "چاند رات اور عید کا دن" پر اپنا کلام پیش کیا ہے نو قارئین کے لیے پیش خدمت ہے:
(چاند رات اور عید کا دن)
دن آخری روزے کا گزر کر جو ہوئی شام
سب چاند کے دیدار کو پہنچے ہیں سر بام
باریک سا دکھتا ہے سہی، چاند مگر ہے
برکت کی دعا پڑھ لو تمہیں یاد اگر ہے
یہ چاند رات اصل میں انعام کی ہے رات
بازار میں پھرنے کی نہیں کام کی ہے رات
آئی ہے حدیثوں میں بہت اس کی فضیلت
اللہ عطا کر دے ہمیں علم و سعادت
اور فجر سے پہلے ہی تہجد بھی ہے سنت
جس کی ہے یہ تاثیر کہ ملتی ہے ولایت
سب عید کے دن خوب سویرے سے جگے ہیں
مسواک و غسل کر کے سنورنے میں لگے ہیں
دل سارے ہی لوگوں کے مسرت سے کھلے ہیں
کہتے ہوئے تکبیر مصلے کو چلے ہیں
محتاط نمازی ہیں کورونا کی وبا ہے
امسال ہر اک صف میں حفاظت کی خلا ہے
لازم ہے بھلے ماسک لگانے کی ادا بھی
ہر سمت سے آتی ہے مبارک کی صدا بھی
دن عید کا انعام و فضیلت سے ہے معمور
اللہ کا بندوں پہ کرم ہوتا ہے بھرپور
اسلام میں وسعت ہے خوشی خوب مناؤ
جی چاہے تو کھیلوں میں ہنر اپنا دکھاؤ
جو نیک ہیں ہرگز وہ سنیما نہیں جاتے
عیدین کہ عظمت کو ہیں سینے سے لگاتے
ہرگز نہ کرو عید کے دن کوئی برا کام
ہر ایک برائی کا برا ہوتا ہے انجام
گر عید کی خوشیوں میں غریبوں کی ہو شرکت
بڑھ جاتی ہے کچھ اور سیویوں کی بھی لذت
اللہ جہاں بھر کو عطا امن و اماں ہو
ہر سمت محبت ہی محبت کا سماں ہو