رمضان المبارک کا مہینہ کئی اعتبار سے دیگر مہینوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ متبرک سمجھا جاتا ہے، ایک تو اس میں روزہ رکھنے کا اہتمام ہوتا ہے، دوسرا اسی مہینے میں قرآن کریم نازل ہوا، تیسرا اس ماہ میں ساری عبادات کا ثواب دوگنا کر دیا جاتا ہے، جو اللہ کے راستے میں مال و دولت خرچ کرتا ہے اس کے مال میں برکت عطا کی جاتی ہے، اس لئے ہم تمام لوگوں کو اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ اللہ تعالیٰ نے ایک دفعہ پھر سے ہمیں ماہ صیام عطا کیا ہے، ہم اس پاک مہینے کو پا سکیں، ہم میں سے بہت سے ایسے لوگ ہیں جو گزشتہ سال اسی رمضان المبارک میں ہمارے ساتھ تھے مگر اس سال وہ ہمارے ساتھ نہیں ہیں، ایسے تمام مرحومین کی اللہ مغفرت فرمائے. Six-Day Taraweeh Ends at Anjuman-e-Islamia Hall
مذکورہ باتیں انجمن اسلامیہ ہال کے وسیع احاطہ میں چھ روزہ ختم تراویح کے موقع پر موجود ہزاروں مصلیان سے خطاب کرتے ہوئے خانقاہ منعمیہ پٹنہ سیٹی کے سجادہ نشیں مولانا شمیم احمد منعمی نے کہی. یہاں حافظ سلیم قادری کی قیادت میں پانچ ہزار سے زائد لوگوں نے نماز تراویح پڑھی، مولانا شمیم منعمی نے تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ چھ دن کی تراویح میں ایک قرآن مکمّل ہونے کو پوری ختم تراویح نہ سمجھ لیں، بلکہ پورے رمضان میں کم از کم ایک قرآن کا سننا الگ سنت ہے، اور رمضان بھر تراویح پڑھنا الگ سنت ہے، اسے ہرگز ضائع نہ ہونے دیں، ہمیں چاہیے کہ اس مبارک مہینے کی زیادہ سے زیادہ خود بھی قدر کریں اور اپنے اہل و عیال کو بھی اس جانب راغب کریں.
دعا سے قبل ادارہ شرعیہ کے ناظم اعلیٰ و رکن قانون ساز کونسل مولانا غلام رسول بلیاوی و بہار سنی وقف بورڈ کے چیئرمین الحاج ارشاد اللہ نے بھی رمضان کے تعلق سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جس جگہ آپ بیٹھے ہیں ابھی کچھ دنوں قبل یہ شاندار عمارت بن کر تیار ہوئی ہے جس کے لئے ہم مسلمانوں کی طرف سے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کا شکریہ ادا کرتے ہیں، دعائیہ تقریب میں اقلیتی فلاح کے وزیر زماں خان، شیعہ وقف بورڈ کے چیئرمین افضل عباس، ایم ایل سی ڈاکٹر خالد انور، بی پی ایس سی رکن امتیاز کریمی وغیرہ موجود تھے۔