ضلع گیا میں ویکسینیشن کی شرح بڑھانے کی ہرممکن کوشش جاری ہے۔ بہار میں پہلے ہی میگھا ویکسینیشن مہم کی شروعات وزیر اعلیٰ نتیش کمار کرچکے ہیں اور اس میگھا ویکسینیشن مہم کے تحت ضلع گیا میں آئندہ چھ ماہ میں 29 لاکھ 21 ہزار لوگوں کو ویکسین لگانے کا حدف مقرر کیا گیا ہے۔
اوسطاً یومیہ پندرہ ہزار ویکسینیشن کا ٹارگیٹ ہے جسے پورا کرنے کے لیے محکمہ ہیلتھ اور ضلع انتظامیہ کی جانب سے کوششیں جاری ہیں۔ ابھی تک 52 لاکھ کی آبادی والے ضلع میں سولہ فیصد ویکسینیشن کی شرح ہے جسے اگلے تین ماہ میں 60 سے 70 فیصد تک پہچانے کی پہل کی گئی ہے۔
اس کے لیے ضلع انتظامیہ اور محکمہ ہیلتھ گیا کی طرف سے بیداری مہم بھی بڑے پیمانے پر چلائی جارہی ہے۔ پوسٹر، بینر، اسٹیکر اور مائکنگ کے توسط سے شہر سے لیکر دیہات تک ویکسینیشن کے تعلق سے تشہیر کا سلسلہ جاری ہے۔ ساتھ ہی سیاسی، سماجی اور مذہبی جماعتوں کے رہنما اور کارکنان کے ساتھ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ میٹنگ کرکے ان سے تعاون کی اپیل کرچکے ہیں۔
پانچ لاکھ لوگوں کو ویکسین کا پہلا ڈوز لگادیا گیا ہے
ضلع گیا ہیلتھ کے پروگرام افسر نیلیش کمار نے بتایا کہ اگلے چھ ماہ کے لیے جو حدف مقرر کیا گیا ہے وہ وقت سے پہلے پورا کرلیا جائے گا۔ ابھی تک پانچ لاکھ تیس ہزار لوگوں کو ویکسین کا پہلا ڈوز لگادیا گیا ہے۔ انتیس لاکھ اکیس ہزار کا ہدف ہے۔
روزانہ پندرہ ہزار کا ہدف ہے اور اسے آسانی کے ساتھ پورا بھی کرلیا جائے گا۔ ایک دن میں تئیس ہزار ویکسینیشن بھی ہوا ہے۔ آج پچاس ہزار پورا کرنے کا ٹارگیٹ ہے۔ ان علاقوں پر بھی خصوصی نظر ہے جو کورونا کی دوسری لہر کے دوران سب سے زیادہ متاثر ہوئے تھے جس میں شہر گیا ایک بڑا متاثر علاقہ ہے۔
گیا شہر میں ویکسینیشن کا تیس جولائی تک تین لاکھ بیس ہزار کا ہدف ہے جس کو پورا کرنے میں مشکل پیش نہیں ہوگی۔ اس مہینے کے آخری تک شہر میں ک ٹارگیٹ ہے اسکے ستر فیصد مکمل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
بعض علاقوں میں ویکسینیشن کی رفتار دھیمی
ضلع گیا میں اقلیتی طبقہ بالخصوص مسلم اکثریتی والے علاقوں اور درج فہرست ذات کی بڑی آبادی والے علاقوں میں ویکسینیشن کی شرح کم ہے۔ اس لیے اب محکمہ ہیلتھ اور انتظامیہ کے سامنے ان علاقوں میں ویکسینیشن کی رفتار بڑھانا سب سے بڑا چیلنج ہے۔
ڈی پی ایم نیلیش کمار کہتے ہیں کہ کوئی ایسی آبادی نہیں بچے گی جہاں ویکسینیشن کی شرح اسی نوے فیصد نہیں ہو۔ جن علاقوں میں شرح کم ہے وہاں کے مقامی نمائندے اور مذہبی رہنماؤں سے بات کرکے تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔
ضلع گیا کے بڑے عالم دین اور خانقاہوں کے سجادگان سے بھی رابطہ کیا گیا ہے وہ اپنے اثرات والے علاقوں میں بیداری مہم چلائیں۔ خود بھی ویکسین لگوائیں اور اپنے علاقے کے لوگوں کو بھی ویکسینیشن کروانے کی طرف راغب کریں۔
مدارس سے بھی مدد لی جارہی ہے۔ درج فہرست ذات کے بڑے رہنماؤں کے ساتھ بھی میٹنگ کی گئی ہے ہرحال میں ٹارگٹ پورا کیا جائے گا۔'
- مزید پڑھیں: لڑکی کی خرید و فروخت معاملے میں ماں، باپ سمیت آدھا درجن افراد گرفتار
- مادری زبان کے کالم میں اردو درج کرانےکے لیے بیداری مہم کی ضرورت
افواہوں کا اثر کم پڑرہا ہے
ضلع گیا میں مسلسل بیداری مہم کی وجہ سے اب افواہوں کا اثر کم پڑا ہے جسکی وجہ سے ویکسینیشن کی رفتار بڑھی ہے۔ افواہوں پر قابو پانے کے لیے اب مدارس بھی آگے آئے ہیں۔ مذہبی رہنماؤں کی طرف سے ویکسینیشن کی مسلسل اپیل کی جارہی ہے۔