بی جے پی مسلمانوں کے خلاف نہیں ہے بلکہ انہیں ترقی کے راستے پر آگے بڑھانے کے حق میں ہے۔
گڈکری نے کہا کہ ان کی حکومت کی کوشش خامیوں کو ختم کرنا ہے اور تین طلاق بل اسی سلسلہ میں مسلم سماج میں خواتین کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کو ختم کرنے کے لئے لایا گیا ہے۔ ترقی پسند سماج کو اس طرح کے اقدمات کی مخالفت نہیں کرنی چاہئے۔
انہوں نے کہاکہ ہر مذہب اور ہر طبقہ میں کچھ خرابیاں پیدا ہو جاتی ہیں۔ ان میں اصلاح کی ضرورت ہے اور تین طلاق بل بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔ ان کی حکومت کی کوشش سماجی ترقی کے لئے ترقی پسندانہ سوچ کہ آگے بڑھانا اور تمام طبقات کے مفادات کا خیال رکھنا ہے۔
مرکزی وزیر نے اپوزیشن جماعتوں پر اقلیتی طبقات میں خوف پیدا کرکے اس کا فائدہ اٹھانے کا الزام لگایا اور کہا کہ سماج میں موجود قدامت پسند روایات کو ختم کرنے کی مسلسل کوشش ہونی چاہئے۔ انکی حکومت نے تین طلاق کی غلط روایت کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے لیکن کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتیں اس پر سیاست کررہی ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی مسلمانوں کے خلاف نہیں بلکہ دہشت گردوں کے خلاف ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کانگریس کے پچاس برس کے اقتدار میں مسلمانوں کو کیا ملا ہے۔ انہیں کاریگری، مستری گری وغیرہ چھوٹے موٹے کاموں تک ہی محدود رکھا گیا۔ تعلیم، علم و سائنس، اختراع اور تحقیق وغیرہ شعبوں میں مسلمانوں کو آگے نہیں بڑھنے دیا گیا۔