بہار کے مشرقی چمپارن ضلع میں صحافی منیش کمار کے قتل کے معاملے میں مقامی صحافی سمیت تین لوگوں کو پولیس نے گرفتار کیا ہے۔ حالانکہ پولیس ابھی تک قتل کے اصل وجوہات کا پتہ نہیں لگا سکی ہے۔ ایس پی نوین چندر جھا کا کہنا ہے کہ مقتول صحافی کے والد کے ذریعے درج کرائے گئے معاملے اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر امریندر کمار، اسجد عالم اور مہندر سنگھ کی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔
معلوم ہوکہ صحافی منیش کمار پہاڑپور تھانہ حلقہ کے بتھوآہا گاؤں کے رہنے والے تھے۔ وہ ایک نجی چینل کے لئے سب ڈویزن کے نمائندہ تھے۔ منیش کے والد سنجے سنگھ مقامی سطح پر اخبار نکالتے ہیں۔ وہ ساتھ اگست کی شام کو ہرسدھی تھانہ علاقے کے مٹھ لوہیار سے لاپتہ ہو گئے تھے۔ دس اگست کی دیر شام کو ان کی لاش مٹھ لوہیار کے گدی ٹولہ کے نزدیک پانی کے کھیت سے برآمد ہوا تھا۔
منیش کے والد نے نو لوگوں کے خلاف معاملہ درج کرایا تھا اور انہوں نے خدشے کا اندیشہ ظاہر کیا تھا۔ زمینی تنازعہ کے علاوہ خبروں کو لے کر دھمکی ملنے کی بات درج ایف آئی آر میں بتائی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: حالات کے پیشِ نظر اپنے بچوں کو علاقائی مدارس میں داخل کرائیں: مولانا شبلی قاسمی
ایس پی نوین چندر جھا کے مطابق منیش کی لاش زیادہ خراب ہونے کی وجہ سے پوسٹ مارٹم کے لئے ایس کے ایم سی ایچ مظفرپور بھیجا گیا ہے۔ وہیں دیگر نامزدوں کی گرفتاری کے لئے ایس آئی ٹی تشکیل دے کر اریراج ڈی ایس پی کی قیادت میں چھاپہ ماری جاری ہے۔