ممبئی کے پولیس کمشنر پرمبیر سنگھ نے دونوں پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپنے ٹویٹز میں لکھا ہے کہ 'کووڈ 19 کے خلاف جنگ میں ہم نے اپنے پولیس فورس کے دو بہادر سپاہیوں، ہیڈ کانسٹیبل چندرکانت گنپت پیندورکر اور ہیڈ کانسٹیبل سندیپ سروے کو کھو دیا ہے۔ ان کے احترام میں آج میرے اکاونٹ سے کوئی بھی ٹویٹ نہیں کیا جائے گا۔'
دوسرے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا ہے کہ 'دو دنوں میں ہم نے اپنے دو بہادورں کو کھویا ہے۔ ان کی روح کو سکون ملے۔ سروے کے خاندان اور دوستوں کے لیے دعائیں۔'
گزشتہ دو دنوں میں پولیس فورس کے دو اہلکاروں کی موت کے بعد پولیس محکمہ میں کورونا کا ڈر اور تشویش بڑھ گئی ہے۔
کل صبح تک کے اعدادوشمار کے مطابق ریاست میں کووڈ19 کے 96 مصدقہ مریض ہیں جن میں 15 افسران شامل ہیں۔ ان میں سے اب تک 3 افسران اور 4 پولیس کانسٹیبلز صحتیاب ہو چکے ہیں جبکہ باقی زیر علاج ہیں۔ ان میں سب سے زیادہ متاثرین کا تعلق ممبئی پولیس سے ہے۔
آج جو موت ہوئی اس کا افسوسناک پہلو یہ ہے کہ اس متوفی پولیس اہلکار کی آخری رسومات کی ادائیگی کے بعد ان کے اہل خانہ کو اس کی خبر ملی۔
اس ضمن میں متوفی کے فرزند نے کہا کہ 'بابا کی آخری رسومات ادا کر دیے جانے کے بعد معلوم ہوا کہ ان کی موت ہو چکی ہے۔ تاہم اس موقع پر مجھے کوئی شکایت نہیں کرنی ہے۔'