وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اپنی رہاش گاہ پر ٹنڈلہ (ریزرو) اسمبلی سیٹ پر ضمنی الیکشن کے ضمن میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے ڈویژن، بوتھ اور سیکٹر انچارج کی ورچول میٹنگ سے خطاب کیا۔
خطاب میں انہوں نے کہا کہ گذشتہ چھ سالو ں میں ملک کے اندر ایک مثبت تبدیلی پیدا ہوئی ہے، پوری دنیا اس کی تعریف کر رہی ہے۔ ریاستی حکومت بھی وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں خود کفیل، طاقتور اور مستحکم ہندوستان کی تعمیر کے لیے کام کررہی ہے، کچھ شرپسند عناصر کو یہ ترقی اور یہ تبدیلی پسند نہیں آرہی ہے۔ لہذا یہ لوگ مسلسل ملک میں فرقہ وارانہ فساد اور ذات پر منبی تشدد کو فروغ دینے کی سازش کر رہے ہیں، حالیہ کچھ واقعات میں ان کی سازش کا پردہ فاش ہوا ہے۔
وزیر اعلی نے کہا کہ سماج وادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی کی پہچان سے ہر کوئی واقف ہے، ایک لا قانونیت اور دوسری بدعنوانی کی مترادف ہے۔ کانگریس کے پاس کوئی زمین نہیں ہے، لہذا آپکا کسی پارٹی سے کوئی مقابلہ نہیں ہے، ضمنی انتخابات والی سبھی سیٹوں پر بی جے پی کی جیت یقینی ہے، آپ کو ریکارڈ جیت کے لیے کوشش کرنی چاہئے۔