جموں و کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس کپواڑہ کے زیر اہتمام ہائی اسکول سوپر ناگہامہ میں حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں نو منتخب ضلع صدر عبدالرشید میر اور جنرل سیکریٹری طفیل افتخار کے ساتھ ساتھ نئی تشکیل دی ہوئی باڈی نے حلف لیا۔
اس تقریب میں یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس کے یوٹی صدر شیخ نصیر احمد اور یوٹی سیکریٹری سجاد احمد نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر دونوں نے تنظیم سازی کے حوالے سے بات کی، ساتھ میں تنظیم نے کن کن مسائل کو اب تک حل کیا ہے، اس کے بارے میں بھی فزیکل ایجوکیشن کے اساتذہ اور رہبر کھیل کے اساتذہ کو آگاہ کروایا۔
انہوں نے نو منتخب ضلع صدر اور جنرل سیکریٹری پر زور دیا کہ وہ تنظیم کی فلاح و بہبود کے لیے کام کریں، انہوں نے رہبر کھیل اساتذہ سے مخاطب ہو کر کہا کہ مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے حکومت آپ کے مسائل کو آنے والے وقت میں ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔
حلف برداری کی تقریب میں یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس کپواڑہ کے ضلع افسر شری جیتندر سنگھ ،سابقہ ضلع افسر حاجی غلام حسن میر، سابقہ زونل فزیکل ایجوکیشن افسر علی محمد میر، ٹیچرس فورم کپواڑہ کے ضلع صدر منیر احمد خان، فاروق احمد وانی، ہائی اسکول سوپرناگہامہ کے ہیڈ ماسٹر کے علاوہ سینکڑوں فزیکل ایجوکیشن اساتذہ نے شرکت کی
اس پروگرام میں شرکت کرنے کے لئے دور دراز علاقے سے بھی اساتذہ کرام تشریف لائے تھے۔ اس موقع پر محکمے سے سبکدوش ہوئے اساتذہ کرام کو جہاں اعزاز سے نوازا گیا وہاں محکمے کے ان اساتذہ کرام کو بھی یاد کیا گیا جو اس دنیا فانی سے رحلت کر گئے ہیں۔
ضلع صدر عبدالرشید میر نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور اساتذہ کرام کو یقین دلایا کہ وہ ہر وقت انکی خدمات کے لیے پیش پیش رہیں گے اور انہیں مایوس نہیں ہونے دیں گے ۔ اس پورے پروگرام کی نظامت فزیکل ایجوکیشن ٹیچر محمد مقبول ملک نے انجام دی۔