ریاست مغربی بنگال میں کورونا وائرس کا قہر جاری ہے، نئے کیسز کے آنے کے ساتھ ساتھ مرنے والوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
ایم آر بھانگڑ ہسپتال میں زیر علاج ایک ڈاکٹر کی کورونا وائرس کے سبب موت ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق اشوک منڈل نام کے ڈاکٹر کو بخار اور سانس لینے میں تکلیف کی شکایت پر 18 اکتوبر کو ایم آر بھانگڑ ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
ہسپتال میں داخل ہونے کے دو دنوں بعد ڈاکٹر کی جانچ کی رپورٹ آئی جس میں انہیں کورونا وائرس مثبت پایا گیا۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر اشوک منڈل ضلع ہاوڑہ کے بالی کے رہنے والے تھے۔ گزشتہ چند دنوں تک ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد آج شام کو ان کی موت ہوگئی۔
گھر والوں کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر اشوک منڈل کو 18 اکتوبر کو سانس لینے میں تکلیف کی شکایت کے بعد ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں علاج کے دوران ان کی حالت میں کبھی بہتری نہیں آئی، انہیں آئی سی یو میں منتقل کیا گیا جہاں ان کی موت ہوگئی۔
مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر اشوک منڈل ایک اچھے انسان تھے، لاک ڈاؤن کے دوران جب زیادہ تر ڈاکٹرز چمبرز بند کر کے رکھتے تھے، اس مشکل دور میں ڈاکٹر اشوک منڈل غریب مریضوں کا علاج کرتے تھے۔
مغربی بنگال میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے۔
وہیں دوسری جانب ریاست میں کورونا وائرس کے کل کیسز کی تعداد چار لاکھ کے قریب پہنچ گئی۔
کورونا وائرس کے سبب ریاست میں ساڑھے سات ہزار کے قریب لوگ ہلاک ہوچکے ہیں۔