ریاست بہار کے ضلع گیا کے دورہ پر ہفتہ کی صبح سابق رکن پارلیمنٹ و جن ادھیکارپارٹی کے قومی صدر راجیش رنجن عرف پپویادو پہنچے۔
بہار میں انیس جنوری کو حکومت جل جیون اور ہریالی کے سلسلے میں انسانی زنجیر تشکیل دینے جارہی ہے۔
اس میں 12 ہیلی کاپٹر اور تین طیاروں سے فوٹو گرافی اور ویڈیو ریکارڈنگ بھی ہوگی۔ حکومت کے اس فیصلے کے بعد سیاست میں شدت آگئی ہے۔
سابق رکن پارلیمنٹ وجن ادھیکارپارٹی کے سرپرست پپو یادو نے نتیش سرکار کو کٹھگہرے میں کھڑا کیا۔ انہوں نے گیامیں کہا کہ سیلاب میں ڈوبتے پٹنہ، بہار کو بچانے کے لئے نتیش حکومت کے پاس ایک ہیلی کاپٹر تک نہیں تھا اور اب پندرہ ہیلی کاپٹروں سے ویڈیو گرافی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ نتیش کمارجل جیون ہریالی سفر اور انسانی زنجیر میں چوبیس ہزار کروڑ خرچ کررہے ہیں یہ سرکاری پیسے کیوں خردبرد کئے جارہے ہیں ، وزیراعلی کے ذریعے سی اے اے و این پی آر کی حمایت پر نشانہ سادھتے ہوئے انہوں نے کہاکہ انسانی زنجیر کیسے ممکن ہے جب ملک میں نفرت اور خوف کاماحول حکومتوں کے ذریعے قائم کردیاگیا ہو۔
انہوں نے کہا کہ' پہلے انسانوں کوبچانے کی ضرورت ہے۔بے روزگاری، مہنگائی، نظم ونسق خراب ہوچکے ہیں، شراب نے پوری ریاست میں جرائم بڑھادیا ہے اور نتیش برائی کے خاتمہ کی بات کرتے ہیں، ٹیچرس، پروفیسرز، ہیلتھ،بے روزگاری کی جانچ نتیش کمار کرالیں تو انہیں حقیقت سمجھ میں آجائیگی۔
رکن پارلیمان نے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ انسانی زنجیر کی ویڈیو گرافی کرنے اور اسکولی بچوں کو قطار بند کرانے پر نتیش سرکار پر سخت تنقید کی ہے۔
مزید پڑھیں:بی جے پی کی بغیر اجازت ریلی نکالنے کی کوشش ناکام
انہوں نے کہاکہ وہ اور انکی پارٹی انسانی زنجیر کابائیکاٹ کریں گے اور ساتھ ہی انہوں نے انسانی زنجیر کو عوامی مہم نہیں بلکہ چہرہ بچاو مہم قراردیتے ہوئے کہاکہ یہ سرکاری پروگرام ہے، ہماری مرضی ہم شریک ہوں یانہیں حکومت عوام پر اپنا چہرہ بچانے کے لئے فیصلہ نہیں تھوپ سکتی ہے۔