دہلی یونیورسٹی کے ذاکر حسین دہلی کالج کے طلباء نے سی اے اے اور این آر سی کے خلاف کالج کے باہر احتجاجی مظاہرے کیے، جس میں طلباء نے حکمراں جماعت کے خلاف جم کر نعرے بازی کی۔
یہ احتجاجی مظاہرہ دہلی کے رام لیلا میدان کے ٹھیک سامنے کیا گیا جہاں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی 22 دسمبر کو خطاب کرنے والے ہیں۔
اس احتجاجی مظاہرے میں کالج کے سابق طلباء نے شرکت کر کے اس احتجاج کو کامیاب بنایا۔ طلباء کی جانب سے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلباء کے ساتھ ہوئی زیادتی کا غصہ صاف نظر آیا۔
طلباء نے اپنے نعرے بازی میں جامعہ کا ساتھ دینے اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور امت شاہ سے متنازعہ شہریت ترمیمی ایکٹ اور این آر سی کو واپس لینے کی مانگ کی۔
مزید پڑھیں: عالمی یوم اقلیت: جامعہ اور اے ایم یو کے لیے تسلی کے دو بول بھی نہیں!
طلباء نے تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس متنازعہ ایکٹ کو واپس نہیں لیا گیا تو طلباء سڑک پر اتر کر مظاہرے کرتے رہیں گے۔