ماہ محرم پر خانقاہ عالیہ نیازیہ میں واقع امام باڑے میں عزاداری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، شہر کے معتدد علاقوں میں بھی نیاز و نذر کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ البتہ خانقاہ سے چھٹویں محرم کو نکلنے والا قدیم جلوس اس مرتبہ کورونا وائرس پیش نظر ملتوی کر دیا گیا ہے۔ اس خانقاہی جلوس میں شرکت کرنے کے لیے بریلی اور اطراف کے علاوہ متعدد ریاستوں سے عقیدت مند آتے ہیں۔
دن میں بھلے ہی چند عقیدت مند ہی حاضر رہتے ہیں لیکن سبز رنگ کے لباس میں خانوادوں کی حاضری سے یہاں آمد و رفت کا سلسلہ اضافی ہو گیا ہے۔
گزشتہ تین سو برس سے یہاں کی روایت رہی ہے کہ محرم الحرام کی چھٹی تاریخ سے نکلنے والے جلوس کی تیاریاں شروع ہو جاتی تھیں، ملک اور بیرون ممالک سے کثیر تعداد میں مہمان اور عقیدت مند کی آمد کا سلسلہ شروع ہو جاتا تھا، لیکن اس مرتبہ کورونا کے انفیکشن اور حکومت کی جاری کر دہ گائیڈ لائن کے تحت جلوس نہیں نکالا جائےگا۔ لہٰذا گزشتہ برسوں کے مقابلے میں رواں برس خانقاہ میں عقیدت مندوں کا مجمع نہیں ہوگا۔
خانقاہ عالیہ نیازیہ کے مینیجر شبّو میاں نیازی نے بتایا کہ اس مرتبہ جلوس نہیں نکالا جائےگا اور نہ ہی کوئی اجتماعی لنگر ہوگا۔ اس کے بجائے ضرورت مند لوگوں کے گھر لنگر اور رسد بھیجنے کا انتظام کیا گیا ہے۔ جلوس اور خانقاہی روایات میں شامل ہونے کے لیے باہر سے آنے والے مہمانوں کو اطلاع دیکر پہلے ہی آنے سے منع کر دیا گیا ہے۔
آج سے خانقاہ کے احاطے میں عزا داری کا اہجتمام کیا جائے گا۔ اسکے علاوہ شہر کے متعدد امام باڑوں اور تمام گھروں میں نیاز و نذر کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔