شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں 'سرسید ایجوکیشن ٹرسٹ نارتھ کشمیر علیگس Sir Syed Education Trust North Kashmir' کی جانب سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد عمل میں لایا گیا، جس میں ادارہ سے وابستہ درجنوں ممبران نے شرکت کی۔ اس تقریب کا انعقاد کشمیر فاریسٹ ٹریننگ اسکول چترنار بانڈی پورہ میں کیا گیا تھا، تاکہ ٹرسٹ کی اب تک کی سرگرمیوں اور پیشرفت کی صورتحال کا جائزہ لیا جاسکے۔
اس تقریب کا اصل مقصد عظیم سماجی اور علمی شخصیت سرسید احمد خان کے مشن کے حوالے سے لوگوں میں آگاہی پیدا کرنا اور اس عظیم مفکر کی تعلیمی و سماجی خدمات کو یاد کرانا تھا۔ تقریب میں ضلع بانڈی پورہ بارہمولہ، اور کپواڑہ کے کور گروپ Core Group کے بانی واراکین کے علاوہ مختلف شعبوں میں کام کرنے والے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی الومنائی کہکشاں نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران سرسید ایجوکیشن ٹرسٹ علیگس کے تمام اراکین نے متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا کہ ٹرسٹ بنیادی طور پر تعلیم کے شعبے میں معاشرے کے پسماندہ طبقوں سے تعلق رکھنے والے مستحق اور ہونہار طلباء کو رہنمائی کرے گا، ساتھ ہی انہیں آگاہی مشاورت اور مالی امداد فراہم کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے گا۔
مزید پڑھیں: سرسید احمد خان کے ویژن اور مشن کو آگے بڑھانے کی ضرورت
ساتھ ہی تمام ممبران اپنے اپنے علاقوں میں یہ کوشش کریں گے کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے فارغ التحصیل تمام طلبا کو اس پلیٹ فارم کے تحت لایا جائے گا۔ اس کے علاوہ ٹرسٹ کی جانب سے باقاعدہ طور پر وقفے وقفے کے دوران ایک ای نیوز لیٹر کی اشاعت کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔