مہاراشٹر کے ضلع اورنگ آباد میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے جس کو دیکھتے ہوئے اورنگ آباد کے پولیس کمشنر نے سخت اقدامات اٹھائے ہیں۔
کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پولیس سخت کارروائی کررہی ہے۔ شہر میں گاڑیوں پر غیر ضروری گھومنے والے تین سو سے زائد گاڑیوں کو ضبط کر لیا گیا ہے۔
مذکورہ جانکاری اسسٹنٹ پولیس کمشنر ناگناتھ کوڑے نے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس وبا پر قابو پانے کے لیے عوام کو بار بار آگاہ کرنے کے باوجود خاطر خواہ اثر نہیں ہونے پر سخت اقدامات کیے جارہے ہیں اور ملزمین کے خلاف ڈیزاسٹر منجمنٹ ایکٹ اور ائی پی سی کے تحت کارروائی کرتے ہوئے چار سو سے زیادہ معاملے درج کیۓ گئے ہیں۔
اسسٹنٹ پولیس کمشنر نے کہا کہ اب تک پولیس نے پانچ ہزار سے زائد افراد سے جرمانہ وصول کیا ہے۔ شہر میں تقریبا 50 جگہ چیک پوائنٹ لگائے گئے ہیں اور تقریبا دو ہزار سے زائدہ پولیس اہلکاروں کو ان چیک پوائنٹ پر تعینات کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی سی آر پی ایف کی ایک ٹکڑی کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اورنگ آباد شہر میں صبح گیارہ بجے سے لیکر رات گیارہ بجے تک کرفیو نافذ ہے۔ یہ کرفیو 17 مئی تک نافذ رہے گا۔