نئی دہلی: ملک میں ٹیکس کی وصولی میں اضافہ کا رجحان برقرارہے۔ مالی سال 2022۔23 میں حکومت نے ٹیکس وصولی کے ذریعے جم کر کمائی کی ہے۔ اس دوران خالص راست ٹیکس وصولی بجٹ تخمینہ سے 2.41 لاکھ کروڑ روپے زیادہ رہا۔ رواں مالی برس 2022-23 میں خالص راست ٹیکس کلیکشن 16.61 لاکھ کروڑ روپے رہا ہے، جوگزشتہ مالی برس میں جمع کردہ براہ راست ٹیکس 14.12 لاکھ کروڑ روپے کے مقابلے میں 17.63 فیصد زیادہ ہے۔
سنٹرل بورڈ آف ڈائریکٹ ٹیکسز (سی بی ڈی ٹی) کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 31 مارچ کو ختم ہونے والے مالی برس میں مجموعی ٹیکس کی وصولی 19.68 لاکھ کروڑ روپے رہی ہے، جو گذشتہ مالی برس میں وصول کیے گئے براہ راست ٹیکس سے 16.36 لاکھ کروڑ روپے کے مقابلے میں 20.33 فیصد زیادہ ہے۔ اس مدت کے دوران جمع کردہ ٹیکس بجٹ تخمینہ سے 16.97 فیصد یعنی 2.41 لاکھ کروڑ روپے زیادہ ہے اورنظر ثانی شدہ بجٹ تخمینہ سے 0.69 فیصد زیادہ ہے۔ مالی برس 2022۔23 میں 307352 کروڑ روپے ریفنڈ کیا گیا ہے، جو اس سے قبل مالی برس میں کیے گئے 223658 کروڑ روپے سے 37.42 فیصد زیادہ ہے۔ اس مدت میں مجموعی کارپوریٹ ٹیکس کی وصولی 1004118 کروڑ روپے رہی، جواس سے پچھلے مالی سال کے 885849 کروڑ روپے کے مقابلے میں 16.91 فیصد زیادہ ہے۔ اس مدت میں ذاتی انکم ٹیکس کی وصولی 960764 کروڑ روپے رہی، جو پچھلے مالی سال کے 773389 کروڑ روپے سے 24.23 فیصد زیادہ ہے۔
مزید پڑھیں: