وزیر اعظم نریندر مودی 18 جون، بروز جمعہ کو کووڈ-19 فرنٹ لائن کارکنوں کے لیے 'کسٹمائزڈ کریش کورس' پروگرام شروع کریں گے۔ ایک بیان کے مطابق، اس پروگرام کا افتتاح 26 ریاستوں کے 111 تربیتی مراکز میں صبح 11 بجے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ کیا جائے گا۔
وزیر اعظم کے دفتر کی طرف سے جانکاری دی گئی ہے کہ اس کے تحت 26 ریاستوں میں 111 مراکز کھولے جائیں گے۔ ان مراکز میں ملک بھر کے ایک لاکھ کورونا واریئرس کی صلاحیت اور مہارت کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ اس پروگرام کے دوران وزیر اعظم مودی ملک سے خطاب بھی کریں گے۔ اس پروگرام میں فروغ ہنرمندی کے وزیر بھی موجود ہوں گے۔
اس پروگرام کے تحت کورونا واریئرس کو چھ کسٹمائزڈ جاب کے لیے تیار کیا جائے گا۔ اس میں ہوم کیئر سپورٹ، بیسک کیئر سپورٹ، ایڈوانس کیئر سپورٹ، ایمرجینسی کیئر سپورٹ اور میڈیکل اکوپمنٹ سپورٹ شامل ہوں گے۔ وزیر اعظم فروغ ہنرمندی اسکیم (پردھان منتری کوشل وکاس یوجنا) کے تحت اس پروگرام کو تیار کیا گیا ہے۔ محکمہ صحت میں لوگوں کی تعداد بڑھانے کے لیے اس پروگرام کے تحت لوگوں کو تربیت دی جائے گی۔
-اے این آئی