نئی دہلی: بھارت کی صدارت میں جی ٹوئنٹی سربراہی اجلاس کے موقع پر حکومت نے جمعہ کو امید ظاہر کی کہ سربراہی اجلاس ایک اتفاق رائے سے 'نئی دہلی اعلامیہ' جاری کرے گا جو اس کے مفادات، ترجیحات اور خدشات کی عکاسی کرے گا جس سے گلوبل ساؤتھ اور پائیدار ترقی کے اہداف میں تیزی آئے گی۔ شرپا امیتابھ کانت، خارجہ سکریٹری ونے موہن کواترا، فنانس سکریٹری اجے سیٹھ اور جی-20 کے چیف کوآرڈینیٹر ہرش وردھن شرنگلا نے پرگتی میدان میں بھارت منڈپم میں جی 20 کی تیاریوں کے درمیان قومی بین الاقوامی میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا۔
کانت نے کہا کہ پچھلے سال جب بھارت نے جی۔20 کی صدارت سنبھالی تھی، دنیا میں اقتصادی ترقی اور پیداوار کی شرح بہت سست تھی۔ قرضوں کا بحران تھا، پائیدار ترقی کے اہداف مخالف سمت میں چل رہے تھے اور موسمیاتی تبدیلی پر قابو پانے کے لیے ضروری اقدامات نہیں کیے جا رہے تھے۔ کانت نے کہا کہ "جی۔20 کی صدارت سنبھالنے کے بعد ہندوستان نے فیصلہ کیا کہ ہم شمولیت کے جذبے اور واسودھیوا کٹمبکم کے اصول کے ساتھ چلیں گے۔ ہم نے پایا کہ دنیا کا ایک تہائی حصہ کساد بازاری کی زد میں ہے۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ ہم نے پائیدار اقتصادی ترقی شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔ ہمیں پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کی طرف تیزی سے آگے بڑھنا ہے۔ دنیا میں آلودگی اور کاربن کے اخراج پر قابو پانے کے لیے گرین اقدامات کرنا ہوں گے اور اس کے لیے گلوبل ساؤتھ کے ترقی پذیر ممالک کو مالی امداد فراہم کرنا ہوگی۔ "ہم نے کثیر الجہتی ترقیاتی بینکوں میں اصلاحات، ٹیکنالوجی پر مبنی عوامی انفراسٹرکچر کی تعمیر اور خواتین کی قیادت میں ترقی پر توجہ مرکوز کی۔
انہوں نے کہا کہ چونکہ ہندوستان نے ایک منفرد ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر (ڈی پی آئی) بنایا ہے جس میں فوری ادائیگیاں قابل رسائی ہو گئی ہیں۔ اسے دنیا کے لیے ایک بہت اہم ٹول کے طور پر دیکھا جا رہا ہے کیونکہ تقریباً چار ارب لوگ ڈیجیٹل رسائی سے محروم ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
انہوں نے کہا کہ جی۔20 کانفرنس میں 19 ممالک، ایک یورپی یونین، نو خصوصی مہمان ممالک، تین علاقائی اور 11 بین الاقوامی تنظیموں نے شرکت کی ہے جس کی صدارت ہندوستان کرے گا۔ جی۔20 کے 200 سے زیادہ اجلاس ہندوستان کی ہر ریاست اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے 60 شہروں میں منعقد ہوئے۔ کانفرنس میں افریقہ نے سب سے زیادہ شرکت کی۔ 32 دیگر ممالک کے نمائندوں نے بھی مختلف پروگراموں میں شرکت کی۔
گلوبل ساؤتھ کا ایک سربراہی اجلاس منعقد ہوا جس میں 125 ممالک نے شرکت کی اور پہلی بار اپنی آواز کو مضبوط طریقے سے پیش کیا گیا۔ جی۔20 پلیٹ فارم پر گلوبل ساؤتھ کے ممالک کے مفادات، ترجیحات اور خدشات کو ایک اہم مقام دینے کا ہندوستان کا ارادہ جی۔20 کو مزید جمہوری بنانے کی طرف ایک اہم پہل رہا ہے۔ اس کے علاوہ ایک ضلع ایک مصنوعات کی تشہیر اور موٹے اناج کی مہم بھی ہندوستان کی کامیابیاں ہیں۔ (یو این آئی)