بجنور: بھارتیہ کسان یونین کے قومی ترجمان راکیش ٹکیت آج اتر پردیش کے بجنور ضلع میں بھارتیہ کسان یونین کے بانی اور ممبر قومی سکریٹری آنجہانی دھیر سنگھ بالیان کے تعزیتی اجلاس میں پہنچے۔ اس موقع پر انہوں نے آنجہانی دھیر سنگھ بالیان کو خراج عقیدت پیش کیا اور پھر پریس کانفرنس کی۔ بجنور شہر میں واقع ایک پرائیویٹ بینکویٹ ہال میں منعقدہ پریس کانفرنس میں راکیش ٹکیت نے حکومت پر تنقید کی اور حکومت پر سازش کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے حالات بہتر نہیں ہیں۔
بھارتیہ کسان یونین کی طرف سے منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں سے بات کرتے ہوئے قومی ترجمان چودھری راکیش ٹکیت نے کہا کہ حکومت کسانوں کی زمین ہتھیانے اور فصلوں کی قیمت ادا نہ کرنے کی سازش کر رہی ہے۔ ملک کی حالت بہتر نہیں، کسانوں کو ایم ایس پی گارنٹی قانون کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسانوں سے نہیں تاجروں سے دھان خرید رہی ہے، جس کی وجہ سے کسان بحران کا شکار ہیں۔
وہیں نیو ٹاؤن شپ پالیسی پر سوال کے جواب میں کسان رہنما راکیش ٹکیت نے کہا کہ تاجر ایک سازش کے تحت کسانوں کی زمینیں خرید رہے ہیں۔ حکومت نے 2013 کے لینڈ ایکوزیشن ایکٹ کو ایک ماڈل ایکٹ بنایا ہے، جس کے ذریعے زمین مفت میں لی جا رہی ہے۔ لکھنؤ میں ہوائی اڈے کے لیے جگہ تو لی گئی لیکن اس زمین کا معاوضہ بھی حکومت نے نہیں دیا ہے۔