مسلسل کئی ماہ تک قید و بند کی صعوبتیں جھیلنے کے بعد رہائی حاصل کرنے والے ڈاکٹر کفیل خان نے کانگریس رہنما پرینکا گاندھی سے ملاقات کر کے ان کا شکریہ ادا کیا۔
ڈاکٹر کفیل خان کے پرینکا گاندھی سے ملاقات کے بعد قیاس آرائیاں شروع ہوگئی ہیں کہ وہ کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کر سکے ہیں لیکن یہ کہنا ابھی قبل از وقت ہوگا۔
ڈاکٹر کفیل کو حال ہی میں گورکھپور کے بی آر ڈی ہسپتال معاملے میں کئی ماہ جیل میں رہنے کے بعد رہا کیا گیا ہے۔ کانگریس ان کی رہائی کا سہرا اپنے سر پر باندھنے کی کوشش کر رہی ہے اس لیےان کی رہائی کے فوراً بعد کانگریس کی قومی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ڈاکٹر کفیل اور ان کے کنبہ کے افراد سے فون پر بات کر کے ہر ممکن مدد کا وعدہ کیا تھا۔
اب جیل سے رہائی کے بعد ڈاکٹر کفیل خان نے اپنے کنبہ کے ہمراہ پرینکا گاندھی سے ملاقات کی۔ اس دوران انہوں نے مدد کے لیے پرینکا گاندھی کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
اس ملاقات کے دوران اتر پردیش کانگریس کے صدر اجے کمار للو اور کانگریس اقلیتی کمیٹی کے چیئرمین شاہنواز عالم بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ کانگریس پارٹی نے اتر پردیش میں ڈاکٹر کفیل کی رہائی کے لیے بڑی مہم چلائی تھی۔ کانگریس کارکنان نے تمام ریاستوں میں دستخطی مہم، احتجاج اور خطوط لکھ کر کفیل خان کی رہائی کے لیے آواز اٹھائی تھی۔