سرینگر میں سی آر پی ایف کی جانب سے علم و روزگار کے عنوان پر منعقدہ تقریب میں آئی جی چارو سنہا نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی جب کہ تقریب میں دیگر عہدیداروں کے علاوہ تعلیم یافتہ نوجوانوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔
تقریب کا انعقاد ان نوجوانوں کی رہبری اور رہنمائی کے لیے کیا گیا جو سی آر پی ایف میں اپنا مستقبل تلاش کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ تقریب میں سی آر پی ایف میں مختلف عہدوں پر بھرتی کے لیے منعقد ہونے والے امتحانات کی تیاری سے متعلق طلبا کو معلومات اور امتحانات میں بہتر کارکردگی کے لیے مواد فراہم کیا گیا تاکہ مذکورہ امتحانات میں ہونے والی دقتوں سے طلبا کو بچایا جاسکے۔
اس موقع پر ای ٹی وی بھارت کے نمائندے پرویز الدین کے ساتھ بات کرتے ہوئے آئی جی چارو سنہا نے بتایا کہ سی آر پی ایف کی جانب سے منعقد ہونے والے مختلف مقابلہ جاتی امتحانات کے لیے تقریب میں نوجوانوں کو ہر طرح کی سہولیات مہیا کی گئی تاکہ تحریری امتحانات کی تیاریوں میں انہیں مدد مل سکے۔ انہوں نے بتایا کہ نوجوانوں میں اسٹڈی مٹیریل کی فراہمی کے علاوہ کوچنگ بھی دی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سی آر پی ایف نے سوپور میں طبی کیمپ کا اہتمام کیا
انہوں نے کہا کہ سی آر پی ایف کی جانب سے جموں و کشمیر میں امن و قانون کی برقراری کے علاوہ دیگر فلاحی پروگرامز منعقد کئے جاتے ہیں جس سے عام لوگوں کو فائدہ حاصل ہوتا ہے۔ وہیں چارو سنہا نے کہا کہ حصول روزگار کے لیے نوجوانوں کو بہتر تربیت فراہم کی جائے گی۔ تقریب میں ایسے نوجوانوں کی بڑی تعداد شریک تھی جو سی آر پی ایف کی جانب سے منعقدہ مسابقتی امتحانات میں شرکت کے خواہاں ہیں۔