بھاگلپور (سجاد عالم): سینکڑوں بچوں، سرپرستوں اور محبان اردو کی موجودگی میں اے ڈی ایم کے ہاتھوں انعامات حاصل کرنے کے بعد ہونٹوں پر مسکان اور ہاتھوں میں سند لیتے یہ وہ طلبہ ہیں جنہوں نے اس سال اردو ڈائریکٹوریٹ بہار، پٹنہ کےزیر اہتمام اردو زبان کی ترویج و اشاعت اور طلبہ کی حوصلہ افزائی کے مقصد سے اردو زبان سیل بھاگلپور کے زیر اہتمام دو روزہ مسابقہ پروگرام میں سبقت حاصل کرتے ہوئے انعامات حاصل کیے۔ اس دو روزہ مسابقتی پروگرام میں بڑی تعداد میں بچوں نے شرکت کی اور اول تا سوئم مقامات حاصل کرنے والے طلباء وہ طالبات کو انعام و اکرام سے نوازا گیا۔
بھاگلپور کے اے ڈی ایم جناب کندن کمار نے اس موقع پر کہا کہ اردو اور ہندی دو سگی بہنیں ہیں اور جن کو دونوں زبان پر عبور ہوتا ہے ان کی زبان نہایت ہی خوبصورت ہوجاتی ہے۔ انہوں نے اعادہ کیا اور کہا کہ اردو کی ترویج و ترقی کے لیے حکومت کوشاں، تھی اور آئندہ بھی رہے گی۔
کندن کمار؛ اے ڈی ایم، بھاگلپور نے مزید کہا کہ یہ مسابقتی پروگرام بھاگلپور کے ایم ایم ڈگری کالج میں منعقد کیا گیا۔ اس تقریری مقابلے کو میٹرک، انٹر اور گریجویشن تین زمروں میں تقسیم کیا گیا تھا، شرکاء کی کثیر تعداد کو دیکھتے ہوئے پروگرام کو ایک دن کے بجائے دودن کیلئے منعقد کیاگیا۔ بچوں کے مظاہرے سے ججز اور سامعین حضرات بھی بیحد متاثر ہوئے اور خوشی کا اظہار کیا۔
مزید پڑھیں: عالمی شہرت یافتہ شاعر ڈاکٹر راحت اندوری کا 75واں یوم پیدائش منایا گیا
پروگرام میں میٹرک اور انٹر کے چار سو سے زائد طلبہ و طالبات نے شرکت کی، جبکہ گریجویشن کے طلبہ کی بڑی تعداد بھی مسابقے کا حصہ بنی۔ اس تقریری مسابقے میں مارواڑی کالج کے شعبہ اردو کے صدر ڈاکٹر شہاب الدین، ایس ایم کالج کی سابق لیکرر ڈاکٹر خالدہ ناز وغیرہ نے ججز کے فرائض انجام دیے۔ جبکہ تقسیم اسناد پروگرام میں نظامت کے فرائض ڈاکٹر حبیب مرشد نے انجام دیے، ساتھ ہی اردو سیل کے انچارج ثاقب احمد نے اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں سب سے اہم کردار ادا کیا۔ یہ پروگرام اردو ادب کی بقا ترقی کیلئے عمل میں لایا گیا۔