نئی دہلی: دفاعی چیمپئن ممبئی کو شکست دے کر ویمنس پریمیئر لیگ 2024 کے فائنل میں پہنچنے والی رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کا مقابلہ اتوار کو دہلی کیپٹلس سے ہوگا۔
دہلی کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل میں 12 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر پہنچ کر خطابی مقابلے میں پہنچ گئی ہے، جبکہ اسمرتی مندھانا کی قیادت والی آر سی بی نے دو سیزن میں پہلی بار ناک آؤٹ کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔
اس سیزن میں دہلی کیپٹلس نے پہلے لیگ میچ میں 25 رن سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ دوسرے لیگ میچ میں دہلی نے آر سی بی کو ایک رن سے شکست دی تھی۔ ایسے میں فائنل میں دہلی کا چیلنج آر سی بی کے لیے آسان نہیں ہوگا۔
اس کے ساتھ ہی آر سی بی نے گزشتہ دو میچوں میں دفاعی چیمپئن ممبئی انڈینس کو شکست دے کر شاندار کارکردگی کے ساتھ فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ ایسے میں دہلی کے لیے آر سی بی کو ہرانا اتنا آسان نہیں ہوگا۔
ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں اب تک کھیلے گئے دس میچوں میں سے پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیموں نے سات میں کامیابی حاصل کی ہے۔ پہلی اننگز کا اوسط اسکور 158.6 رہا ہے جبکہ رنز کا تعاقب کرنے والی ٹیم نے زیادہ سے زیادہ 191 رنز بنائے ہیں۔
ایسی صورتحال میں ٹاس جیتنے والا کپتان پہلے بلے بازی کا انتخاب کرکے مخالف ٹیم پر دباؤ ڈال سکتا ہے۔ دہلی کیپٹلس اور رائل چیلنجرز بنگلور کے درمیان چار میچ کھیلے گئے ہیں، جن میں سے سبھی دہلی نے جیتے ہیں۔
دونوں ٹیموں کا سکواڈ:
دہلی کیپٹلس: میگ لیننگ (کپتان)، لورا ہیرس، تانیا بھاٹیہ، جیمیمہ روڈریگس، شفالی ورما، ایلیس کیپسی، ماریان کپ، شیکھا پانڈے، اینابیل سدرلینڈ، جیس جوناسن، منو منی، پونم یادو، اروندھتی ریڈی، تیتاس سدھو، رادھا یادو، اشونی کماری، اپرنا منڈل، وی سنیہا دیپتی
رائل چیلنجرز بنگلور: اسمرتی مندھانا (کپتان)، ریچا گھوش، دیشا کاسات، ایس میگھنا، اندرانی رائے، ستیش شوبھا، ہیدر نائٹ، سمرن بہادر، این ڈی کلرک، سوفی ڈیوائن، شریانکا پاٹل، ایلیس پیری، آشا شوبھنا، ایکتا بش، کیٹ کراس، سوفی مولینو، شردھا پوکھرکر، رینوکا سنگھ، جارجیا ویرہم۔