گاندربل (جموں کشمیر) : نیشنل کانفرنس (این سی) کے نائب صدر عمر عبد اللہ نے بدھ کے روز وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع میں اسمبلی نشست گاندربل کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کیے۔ عمر عبداللہ اس سے قبل بھی اسی نشست سے ایک مرتبہ اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کر چکے ہیں۔ گاندربل نشست کو نیشنل کانفرنس کا گڑھ تصور کیا جاتا ہے۔
عمر عبداللہ اپنے درجنوں حامیوں کے ہمراہ ڈی سی آفس گاندربل پہنچے اور کاغذات نامزدگی جمع کیے۔ اس موقع پر این سی کی جانب سے ایک اجلاس کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں عمر عبداللہ نے لوگوں سے انتہائی جذباتی انداز میں انہیں کامیاب بنانے کی گزارش کی۔ عمر عبداللہ نے سر سے اپنی ٹوپی اتار کر لوگوں سے کہا: ’’میری اس پگڑی لی لاج رکھو۔‘‘
پروگرام کے حاشیہ پر عمر عبداللہ نے کہا: ’’آزاد امیدوار دراصل بی جے پی کی حمایت سے انتخابات میں شرکت کر رہے ہیں تاکہ بی جے پی ان ہی امیدواروں کو اپنے ساتھ ملا کر حکومت قائم کرے۔‘‘ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا وہ بڈگام سے بھی پرچہ نامزدگی داخل کریں گے؟ عمر عبداللہ نے اس کی تائید کی نہ تردید۔ انہوں نے کہا: ’’فی الحال میں گاندربل سے کاغذات جمع کر رہا ہوں، فی الوقت اسی کے متعلق بات کروں گا۔‘‘ گاندربل میں این سی سے علیحدہ ہوئے اشفاق جبار سے متعلق عمر عبداللہ نے دعویٰ کیا: ’’جب میں نے گاندربل نشست، اپنے کیے گئے وعدے کے مطابق، اشفاق جبار کے لیے چھوڑی، تب جا کر انہوں نے الیکشن جیتا۔‘‘
یہ بھی پڑھیں: کشمیر اسمبلی انتخابات، لال چوک نشست پر چچا اور بھتیجا مد مقابل - Uncle Vs Nephew in kashmir Polls