پلوامہ (جموں کشمیر) : ڈی ڈی سی ممبر، ترال، ڈاکٹر ہر بخش سنگھ نے بلاک آفس ترال میں ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔ اس موقع پر ڈی ڈی سی ممبر نے آنے والے مالی سال سے متعلق پروگرامز اور منصوبوں کا جائزہ لیا۔ ڈی ڈی سی ممبر نے آفیسرز پر زور دیا کہ وہ تندہی کے ساتھ کام کریں کیونکہ جامع ترقی کے لیے جو بھی پلان مرتب کیا جاتا ہے اس پر عمل درآمد کرنا ہی وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس حوالے سے تمام تر تیاریاں قبل از وقت ہونی چاہیے۔
بجلی بحران پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر ہر بخش سنگھ نے بتایا کہ وادی کے بیشتر علاقوں سے بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی کو لیکر لوگ اس وقت سراپا احتجاج ہیں اور یہ بڑی بدقسمتی کی بات ہے کہ سرما کے دوران جب یہاں کے لوگوں کو بجلی کی اشد ضرورت ہوتی ہے اسی وقت بجلی کی کٹوتے سے عوام کو پریشان کیا جاتا ہے۔ انہوں نے سرکار سے مطالبہ کیا کہ پانپور گیس ٹربائن کو چالو کیا جائے تاکہ شدید سردی کے ان ایام میں لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ہربخش سنگھ کا مزید کہنا ہے کہ جموں میں گرما کے دوران بجلی کی کھپت ہوتی ہے اسی طرح کشمیر میں سرما کے دوران لوگوں کو بجلی کی زیادہ ضرورت اور حاجت ہوتی ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ’’جس وقت لوگوں کو بجلی کی زیادہ ضرورت پڑتی ہے، اسی وقت لوگوں کو بجلی جیسی بنیادی ضرورت سے محروم رکھا جاتا ہے۔‘‘ جائزہ میٹنگ میں تحصیلدار ترال عمران احمد، بی ڈی او لطیف مقبول، بی ایم او ترال ڈاکٹر ظہور اور دیگر محکموں کے آفیسرز نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیر میں زرعی سیزن زوروں پر ہے لیکن بجلی کی کٹوتی کی جا رہی ہے - Power cut in Kashmir