کولگام (جموں و کشمیر): ہفتہ کی صبح جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع کے دمحال ہانجی پورہ (ڈی ایچ پورہ) علاقے میں ایک دل دہلا دینے والا حادثہ پیش آیا ہے۔ یہاں پر ایک تیز رفتار گاڑی سڑک سے پھسل کر گہری کھائی میں گرگئی جس کی وجہ سے ایک فوجی اہلکار ہلاک اور آٹھ دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ حادثہ آج صبح کولگام کے دمحال ہانجی پورہ علاقے میں پیش آیا، جہاں خود ایک آرمی جوان گاڑی چلا رہا تھا اور اس کی رفتار بھی کافی تیز تھی جس کی وجہ سے وہ جوان گاڑی پر اپنا کنٹرول نہیں رکھ پایا اور حادثے کا شکار ہوگیا۔ اس حادثے میں فوج کے آٹھ اہلکار زخمی ہوئے۔
حکام نے بتایا کہ ایک زخمی جوان بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ جس کی شناخت جیت کمار کے طور پر ہوئی ہے جو گاڑی کا ڈرائیور تھا۔
یہ بھی پڑھیں:
بڈگام سڑک حادثہ میں زخمی فوجی نے سرینگر کے اسپتال میں دم توڑ دیا
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فوج موقعے پر پہنچ گئی اور زخمی جوانوں کو ریسکیو کیا اور علاج و معالجہ کے لیے اسپتال منتقل کیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ اس سلسلے میں پولیس نے حادثے کا نوٹس لے کر اپنی تحقیقات شروع کردی ہے۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔