نیو یارک: امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ایک بھارتی نژاد جوڑا اور ان کے چار سالہ جڑواں بچے اپنے گھر میں مردہ پائے گئے ہیں، پولیس اس معاملے کی جانچ قتل اور خودکشی کے نقطہ نظر سے کر رہی ہے۔ حالیہ دنوں میں امریکہ میں بھارتی کمیونٹی کے لوگوں کو نشانہ بناتے ہوئے کئی حملے ہوئے ہیں جس میں یہ تازہ ترین واقعہ ہے۔
امریکی ٹیلی ویژن نیٹ ورک این بی سی بے ایریا کی خبر کے مطابق، متاثرین کی شناخت دوستوں نے آنند سجیت ہنری، ان کی اہلیہ ایلس پرینکا اور ان کے 4 سالہ جڑواں بیٹوں کے طور پر کی ہے۔ یہ خاندان اصل میں کیرالہ کا رہنے والا تھا۔ تاہم، پولیس نے بتایا کہ متاثرین کی شناخت ابھی تک جاری نہیں کی گئی ہے۔ این بی سی رپورٹ میں پولیس کے حوالے سے بتایا گیا کہ یہ واقعہ پیر کو سان میٹیو میں پیش آیا۔
پولیس نے بتایا کہ پیر کے روز 911 پر کال کرنے کے بعد اطلاع ملی کہ کچھ دیر تک اس گھر سے کسی قسم کی کوئی حرکت سنائی نہیں دے رہی تھی۔ جس کے بعد پولیس وہاں پہنچی اور گھر کا دروازہ چیک کیا لیکن وہاں کسی قسم کا شور نہیں پایا گیا اور جبری طور سے گھر میں داخلے کے کوئی آثار بھی نہیں ملے۔
سان میٹیو پولیس ڈیپارٹمنٹ کے پبلک انفارمیشن آفیسر جیریمی سورٹ نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمیں گھر کے اندر چار مردہ افراد ملے، جس میں دو بالغ مرد و خاتون اور دو بچے شامل تھے۔ پولیس نے مزید کہا کہ کیس کی تحقیقات قتل اور خودکشی کے زاویے سے کی جا رہی ہے۔ عدالتی ریکارڈ کے مطابق شوہر نے دسمبر 2016 میں طلاق کی درخواست دائر کی تھی لیکن بظاہر اس پر عمل نہیں ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکہ میں مسجد کے باہر امام کا قتل