اسلام آباد: فواد خان اور صنم سعید کا ڈرامہ 'برزخ' پاکستان میں تنازع کا شکار ہو گیا ہے۔ گزشتہ ماہ زی 5 پر ریلیز ہونے والا یہ ڈرامہ فائنل نشر ہونے کے تین دن بعد 9 اگست کو پاکستان میں یوٹیوب سے ہٹا دیا جائے گا۔ اس خبر کی تصدیق انسٹاگرام ہینڈل زندگی پر کی گئی۔ زندگی نے تصدیق کی کہ وہ چھ ایپی سوڈ پر مشتمل سیریز کو ختم کر رہے ہیں۔ اس کی وجہ سیریز میں ہم جنس پرستوں کی محبت کی کہانی بتائی جارہی ہے۔
زندگی اور ٹیم برزخ نے، برزخ ڈرامے پر غیر متزلزل حمایت کے لیے اپنے عالمی سامعین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ ایک ایسا ڈرامہ جو لوگوں کو ہر جگہ اکٹھا کرنے کے لیے بنایا گیا تھا۔ لیکن پاکستان میں موجودہ عوامی جذبات کی روشنی میں، ہم نے رضا کارانہ طور پر یوٹیوب پاکستان سے برزخ کو واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے، جو 9 اگست 2024 سے نافذ العمل ہوگا۔ یہ فیصلہ اپنے سامعین کی عزت افزائی کے لیے ہمارے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔
غور طلب ہے کہ برزخ، جسے وقاص حسن اور شیلجا کیجریوال نے پروڈیوس کیا ہے۔ سلمان شاہد، ایمان سلیمان، خوشحال خان، فائزہ گیلانی، انیکا ذوالفقار اور فرانکو گیوسٹی سمیت باصلاحیت کاسٹ شامل تھا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ یہ سیریز واحد جنوبی ایشیائی شو تھا جس کا پریمیئر فرانس میں مشہور سیریز مینیا فیسٹیول 2023 میں ہوا تھا۔
ڈرامے کو لے کر ہنگامہ آرائی اس وقت شروع ہوئی جب ایک ایپی سوڈ میں فواد خان (سیف اللہ کا کردار ادا کر رہے ہیں) اور فرانکو گیوسٹی (لورینزو کا کردار ادا کر رہے ہیں) تقریباً ایک بوسہ لے رہے تھے۔ جس نے ڈرامے کے خلاف ایک اہم ردعمل کو جنم دیا، کچھ ناظرین نے اس کے LGBTQIA+ تھیمز کی وجہ سے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا۔