ایودھیا: رام مندر کی افتتاحی تقریب سے ایک دن قبل اترپردیش کا ضلع اجودھیا پوری طرح سے روشن کردیا گیا ہے۔ وہیں مذہبی جوش و خروش میں اضافہ کرتے ہوئے، ہندو مذہبی پیشواؤں و دیگر مہمانوں کی اس تقریب میں شرکت کے لیے آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
معروف شخصیات، سنیما اسٹار اور حکمراں جماعت بی جے پی کے سینئر لیڈران کے پہنچنے کا سلسلہ جاری ہے۔ آج 22 جنوری کو ہونے والی تقریب کے لئے تقریبا 8 ہزار مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے۔ پران پرتشٹھا تقریب کی قیادت وزیر اعظم نریندر مودی کریں گے اور وہی رام مندر میں رسومات کی ادائیگی کریں گے۔ ہفتوں سے مشتہر کی جانے والی رام مندر افتتاح کی تقریب کی مہم پیر کو پائے تکمیل کو پہنچ جائے گی۔
رام للا کے پران پرتشٹھا تقریب کے پیش نظر آج مرکزی حکومت نے دفاتر میں نصف یوم کی چھٹی کا اعلان کیا ہے۔ جب کہ متعدد بی جے پی اقتدار والی ریاستوں نے بھی اپنے یہاں چھٹیوں کا اعلان کیا ہے۔
رام مندر کے افتتاح کی یہ تقریب آئندہ لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر بی جے پی کی ہندی ریاستوں میں ووٹروں کو اپنی جانب مائل کرنے کی ایک اسٹریٹجی کے طور پر دیکھی جارہی ہے۔ اپوزیشن جماعت کانگریس نے مندر کے افتتاح کو بی جے پی۔ آر ایس ایس کے پروگرام سے تعبیر کیا ہے اور پارٹی کے سینئر لیڈر ملکا ارجن کھڑگے و سونیا گاندھی نے تقریب میں شرکت کرنے سے معذرت کرلی ہے۔
دیگر متعدد اپوزیشن رہنماؤں نے بھی یہ کہتے ہوئے اس تقریب میں شرکت سے منع کردیا ہے کہ وہ 22جنوری کے بعد جب پوری طرح سے مندر بن کر تیار ہوجائے گی پھر اپنےاہل خانہ کے ساتھ مندر کا درشن کریں گے۔
وہیں دوسری طرف بی جے پی نے عام عوام کو اس تقریب میں کسی نا کسی طرح شریک کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر رابطہ مہم چلائی ہے۔ اور افتتاحی تقریب کو بھارت کی سب سے بڑی مذہبی تقریب کے طور پر منا رہی ہے۔ بھگوان پارٹی رام مندر تحریک میں پیش پیش تھی۔
وہیں آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت نے تنظیم کی ویب سائٹ پر شائع اپنے ایک مضمون میں ایودھیا میں رام مندر کے پران پرتشٹھا کی تقریب کو بیداری قومی حمیت سے تعبیر کیا ہے۔ ایودھیا پہنچنے والے قابل ذکر لوگوں میں باگیشور دھام کے دھیریندر شاستری، اداکار رجنی کانت اور آرٹ آف لیونگ کے شری شری روی شنکر شامل ہیں۔ (یو این آئی)