اننت ناگ (جموں کشمیر) :ضلع اننت ناگ کے شانگس علاقے میں بندروں نے لوگوں کا جینا محال کر دیا ہے۔ بندروں کی وجہ سے شانگس کے کئی علاقوں میں نہ صرف خوف و دہشت کا ماحول ہے بلکہ بندر اب بندر فصلوں خاص کر سیب اخروٹ سمیت مختلف میوہ جات اور سبزیوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ شانگس کے سونبرن گاؤں کے لوگوں کا کہنا ہے کہ بندروں نے ان کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ بندروں کی بھرمار کے سبب ان کے علاقے میں معمولات زندگی کافی متاثر ہے اور لوگ کافی تنگ آچکے ہیں، نوبت یہاں تک آچکی ہے کہ لوگ اب ہجرت کرنے کا سوچ رہے ہیں۔
لوگوں کا کہنا ہے کئی برس قبل ان کے علاقے میں اچانک بندر نمودار ہوئے اور آہستہ آہستہ ان کی تعدا بڑھتی گئی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بندر ہجوم کی صورت میں اچانک گاؤں میں داخل ہو جاتے ہیں جس دوران علاقے میں افرا تفری پھیل جاتی ہے۔ بندر نہ صرف ان کی فصلوں کو نقصان پہنچاتے ہیں، بلکہ گھروں میں گھس کر قیمتی اشیاء کو تہس نہس کرتے ہیں، وہیں جو بھی شخص بندروں کے راستے میں آتا ہے وہ اس پر حملہ کردیتے ہیں۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بندروں کے حملہ میں ابھی تک دو فراد کی موت واقع ہوئی ہے جبکہ درجنوں افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ اپنے بچوں کی حفاظت کو لے کر کافی فکرمند رہتے ہیں، وہ اپنے بچوں کو نہ صرف گھروں بلکہ گھر سے باہر بھی تنہا نہیں چھوڑ سکتے۔ ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی لوگوں نے کہا کہ بندر میوہ باغات کو شدید نقصان پہنچا رہے ہیں۔ بندروں کے ہجوم سیب کے باغات پر اچانک ٹوٹ پڑتے ہیں اور فصلوں کو تباہ کر دیتے ہیں جس کی وجہ سے بیشتر کسانوں نے اپنے باغات میں کام کرنا ہی چھوڑ دیا ہے، اسی طرح بندر سبزیوں اور دیگر فصلوں کو بھی برباد کر دیتے ہیں، جس کی وجہ سے علاقے کے لوگ کافی پریشان ہو چکے ہیں۔