دہلی:ریلائنس انڈسٹریز لمیٹڈ کی ڈائریکٹر ایشا امبانی کا خیال ہے کہ اگر بھارت کو ترقی کرنا ہے تو زیادہ لڑکیوں کو سائنس اور ٹیکنالوجی (STEM) کے شعبے میں جانا چاہیے۔ انہوں نے دہلی میں بروز بدھ 'گرلز آن انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹکنالوجی ڈے 2024'' عنوان سے منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لڑکیوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ سائنس اور ٹیکنالوجی کو کریئر کے طور پر منتخب کریں۔
- 'خوابوں کے ہندوستان کی تعبیر کے لیے یہ کرنا ہوگا'
انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "ہمارے خوابوں کے ہندوستان کی تعبیر و تعمیر کے لیے، مردوں اور عورتوں کو ٹیکنالوجی فراہم کرنی ہوگی۔ ٹیکنالوجی کے شعبے میں ملازمتوں میں خواتین کی تعداد کم ہے۔ اس سے صنفی امتیاز کی بھی نشاندہی ہوتی ہے۔ سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں خواتین کا اضافہ صنعت کے لیے بہت ضروری ہے۔ معاشرے میں، صرف 36 فیصد خواتین سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ملازمت کرتی ہیں۔ ایشا امبانی نے کہا کہ صرف 7 فیصد خواتین ایگزیکٹو سطح کے عہدوں پر ہیں اور 17 فیصد خواتین ڈائریکٹر سطح کے عہدوں پر ہیں۔
- عورتیں پیدائشی لیڈر ہوتی ہیں!
"ہندوستان میں، STEM میں 43 فیصد گریجویٹ ہیں۔ ان میں سے صرف 14 فیصد سائنسدان، انجینئر اور ٹکنالوجسٹ ہیں۔ اس ٹیکنالوجی کے دور میں اسٹارٹ اپس میں خواتین کی شرکت کا فقدان ہے۔ خواتین مردوں سے کم نہیں ہیں۔ وہ کمپنیوں کی قیادت بھی کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے میدان میں خواتین اور مردوں کا تناسب یکساں ہونا چاہیے۔ ہمیں اس کے لیے بہت لمبا سفر طے کرنا ہے۔