نئی دہلی: اسپیش رسرچ آرگنائزیشن (اسرو) کی نیویگیشن سیٹلائٹ این وی ایس 2 کو تکنیکی خرابی کی وجہ سے رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اتوار کو خلائی ایجنسی نے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ این وی ایس 2 سیٹلائٹ کو متعین مدار تک پہنچانے کی کوششوں کو اس وقت دھچکا لگا جب خلائی جہاز پر لگا تھرسٹرس فائر کرنے میں ناکام ہو گیا۔
یہ سیٹلائٹ بھارتی خلائی نیویگیشن نظام کے لیے بہت اہم ہے۔ یہ اسرو کا 100واں مشن تھا اور اسے 29 جنوری کو آندھراپردیش کے شری ہری کوٹا سے راکٹ کے ذریعے لانچ کیا گیا تھا۔
اسرو نے کہا کہ "سیٹلائٹ کو متعین مدار میں پہنچانے کے لیے اس کو بلند کرنے کے اقدامات نہیں کیے جا سکے کیونکہ آکسیڈائزر کو تھرسٹرز چلانے کے لیے والوز نہیں کھلے۔"
خلائی ایجنسی نے بتایا کہ سیٹلائٹ اس وقت سیٹلائٹ بیضوی مدار میں زمین کے چکر لگا رہا ہے، جو نیویگیشن سسٹم کے لیے موزوں نہیں ہے۔ اسرو نے کہا کہ سیٹلائٹ کو استعمال کرنے کے لیے متبادل مشن کی حکمت عملیوں پر کام کیا جا رہا ہے۔"