فلوریڈا:ناسا نے ہفتے کے روز اعلان کیا کہ سٹار لائنر خلائی جہاز میں مشکلات پیش آنے کی وجہ سے انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن پر پھنسے خلابازوں بیری ولمور اور سنیتا ولیمز کو اسی خلائی جہاز سے زمین پر واپس لانا بہت خطرناک ہے۔ اب انہیں سپیس ایکس کی خلائی گاڑی سے فروری 2025 میں زمین پر واپس لایا جائے گا۔ اس طرح اس خلاباز جوڑے کا آٹھ دن کا سفر اب تقریباً آٹھ طویل ہو جائے گا۔
یہ دونوں تجربہ کار پائلٹ جون کے آغاز سے ہی انٹرنیشنل خلائی اسٹیشن پر پھنسے ہوئے ہیں۔ بوئنگ سٹار لائنر کے جس خلائی جہاز سے ان دونوں خلابازوں نے سفر کیا تھا، اس میں کئی تھرسٹر کام نہیں کر رہے ہیں، اس کے علاوہ اس جہاز کے فیول سسٹم میں ہیلیم کے رساؤ کا مسئلہ بھی پیش آیا۔ ان مشکلات نے خلابازوں کے اس سفر کو بری طرح سے متاثر کیا۔ یہ خلا باز جہاں صرف آٹھ دن کے سفر پر روانہ ہوئے تھے، وہیں اب ان کو وہاں تقریباً 8 مہینوں تک رکنا پڑے گا۔
انجینئرز نے ان خلائی گاڑی کا ٹیسٹ کرنے کے بعد طے کیا ہے کہ اب اس گاڑی سے ان واپسی انتہائی خطرناک ہوگی۔ لہٰذا بوئنگ سٹار لائنر کا وہ خلائی جہاز اب خالی اور اکیلے واپس آئے گا جب کہ سپیس ایکس کی خلائی گاڑی کی آزمائشی پرواز مکمل ہونے کے بعد ان خلابازوں کو فروری 2025 میں زمین پر واپس لایا جائے گا۔ تب تک انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن پر ان خلابازوں کے قیام کی مدت تقریباً 8 ماہ ہو چکی ہوگی۔