کولکاتا:سلی گوڑی میںبھی راہل گاندھی کی یاترا کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ریاستی کانگریس صدر ادھیر رنجن چودھری کو ضلع مرشد آباد میں، میٹنگوں اور پدا یاترا کی اجازت نہیں ملنے کے بعد کانگریس نے ناراضگی ظاہر کی تھی ۔راہل گاندھی کی یاترا یکم فروری کو بہرام پور میں ہونے والی ہے۔ بہرام پور اسٹیڈیم میں کانگریس قائدین کے رات کے قیام کی درخواست دی گئی تھی۔
تاہم انتظامیہ نےاس کےلئے اجازت نہیں دی۔ کانگریس ذرائع کے مطابق مرشدآباد کے ضلع کمشنر نے جمعرات کو انہیں بتایا کہ بہرام پور اسٹیڈیم نہیں دیا جا سکتا۔ متبادل کے طور پر انتظامیہ نے قریبی ایف یو سی گراؤنڈ دینے کی تجویز دی ہے۔ ابھی اسی پر تنازع چل رہی رہا ہے کہ راہل گاندھی کو سرکاری گیسٹ ہاؤس میں لنچ کرنے کی اجازت نہ دینے پر تنازعہ کھڑا ہوگیا۔
ضلع کانگریس کے جنرل سکریٹری اور سابق ایم ایل اے بھوپیندر ناتھ ہلدار نے الزام لگایا کہ اگر سرکاری عہدیدار کانگریس کو اس گیسٹ ہاؤس کو استعمال کرنے کی اجازت دیتے ہیں تو وہ وزیر اعلیٰ کے غصے کا شکار ہوسکتے ہیں۔ اس لیے کانگریس کی درخواست کو رد کردیا گیا ہے۔